میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سپریم کورٹ کافیصلہ سن کربڑی تکلیف ہوئی ٗ عمران خان

سپریم کورٹ کافیصلہ سن کربڑی تکلیف ہوئی ٗ عمران خان

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۵ جولائی ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سن کر بڑی تکلیف ہوئی، سپیکر نے خفیہ مراسلہ چیف جسٹس کو انکوائری کیلئے بھجوایا، خط کابینہ، پارلیمنٹ اور نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے سامنے بھی رکھا گیا، اس سے زیادہ کیا کرسکتا تھا؟ امریکی انڈر سیکرٹری کی دھمکی 22 کروڑ عوام کی توہین تھی، سپریم کورٹ نے کہا مراسلے کی کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں، بڑے ادب سے ہمیشہ عدلیہ سے مخاطب ہوتا ہوں، میری تحریک کا نام ہی انصاف لانا ہے۔ ڈونلڈ لوکس کو پیغام دے رہا تھا؟ ایک ملک کے وزیراعظم کو دھمکی دے کر ہٹوا دیا گیا اور کچھ نہیں ہوا،یہ وقت ان چوروں، ڈاکوں اور امپورٹڈ حکومت کو شکست دینے کا ہے، ہر پولنگ اسٹیشن پر نوجوانوں نے دھاندلی کو روکنا ہے، الیکشن میں امریکہ کے جوتے پالش کرنے والوں کو شکست دینی ہے،اتوار کو ایک ہی گیند سے 2 وکٹیں گراوں گا،الیکشن کمشنر ہفتے میں 3 دن لاہور میں کیوں گزارتے ہیں جواب دو، چیف الیکشن کمشنر یاد رکھو قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز ڈیرہ غازی خان میں پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عزت دینے پر ڈیرہ غازی خان والوں کا شکر گزار ہوں، ڈی جی خان پنجاب کا سب سے زیادہ پسماندہ علاقہ ہے، عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا تاکہ آپ لوگوں کی مدد کرسکے، میری کوشش تھی پسماندہ علاقے سے ایسا وزیراعلی آئے جس کو غریب کا درد ہو، عثمان بزدار میں عاجزی تھی، شہباز شریف کی طرح شوبازی نہیں کرتا تھا، عثمان بزدار ڈرامے نہیں کرتا تھا، میرا چیلنج ہے جو کام بزدارنے کیا کبھی ڈی جی خان میں اتنا کام نہیں ہوا۔ عمران خان نے کہا کہ امریکی انڈرسیکرٹری دھمکی دیتا ہے اگر عمران کونہ ہٹایا تو مشکلات آئیں گی، عدلیہ سے پوچھتا ہوں اس سے بڑی توہین 22 کروڑ لوگوں کی اور کیا ہوسکتی ہے، یہ عمران خان کو دھمکی نہیں بلکہ 22 کروڑ کی توہین ہے، مراسلے کو کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی، پارلیمنٹ کے سامنے رکھا، سپیکر نے سائفر چیف جسٹس کو بھجوایا، صدر مملکت نے مراسلہ چیف جسٹس کو انکوائری کے لیے بھجوایا، ہماری حکومت چلی گئی اور اس سے زیادہ میں کیا کرسکتا تھا؟۔ سپریم کورٹ سے سوال پوچھتا ہوں، جب صدر مملکت نے چیف جسٹس کو مراسلہ بھیجا تھا تو کیا آپ کو انویسٹی گیشن نہیں کرنا چاہیے تھی، آپ نے رات کو 12 بجے عدالتیں کھول لیں، ملک کے وزیراعظم کو دھمکی دے کر ہٹا دیا گیا اور کچھ نہیں ہوا؟ محترم چیف جسٹس یہ تو پتا کراتے ڈونلڈ لو نے کس کو پیغام دیا؟ پیغام دیا گیا کہ عمران کو ہٹاو، انویسٹی گیشن کرائیں؟ اگر انکوائری نہیں کرائیں گے تو آئندہ ہمارا کوئی بھی وزیراعظم امریکا کے آگے کھڑا نہیں ہوسکے گا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ چیری بلاسم امریکا کے آگے کھڑا ہوگا، امریکا کو چیری بلاسم جیسے وزیراعظم چاہئیں، شہباز شریف تو پہلے ہی گھٹنوں پر گرا ہے کہ ہم بھکاری ہیں۔ اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے غریب گھرانوں کو 10 لاکھ کا ہیلتھ کارڈ دیا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہیلتھ کارڈ دیئے گئے،یہ نوجوانوں کے مستقبل کا الیکشن ہے، یہ چور، ڈاکو اور امریکا کے بوٹ پالش کرنے والوں کو شکست دینے کا وقت ہے، یہ وقت امپورٹڈ حکومت کو شکست دینے کا ہے، نوجوان، بہنوں نے گھر، گھر جا کر لوگوں کو باہر نکا لنا اور دھاندلی کو روکنا ہے، ہر پولنگ سٹیشن پر 10 دلیر نوجوان پہرہ دیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں