طالبان کا افغان باب دوستی گیٹ پر کنٹرول، پاکستان نے سرحد سیل کر دی
شیئر کریں
طالبان نے پاکستان اور افغانستان کے مابین مرکزی گزرگاہ کاکنٹرول حاصل کرلیا جس کے بعد پاکستان نے سرحد سیل کر دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سرحد سے متصل افغان ضلع اسپن بولدک پر قبضے کے لیے حملہ کیا گیا، پاکستان اور افغانستان کے مابین مرکزی گزرگاہ کاکنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ترجمان طالبان کا کہنا تھاکہ طالبان نے 20 سال بعد افغانستان کی جانب سے باب دوستی کاکنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے، باب دوستی پر طالبان نے افغانستان کا قومی پرچم اتار دیا اور طالبان امارت اسلامی کا سفید پرچم لہرادیا گیا ۔دوسری جانب افغان محکمہ ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی کہ افغانستان میں چمن قندھار شاہراہ پر طالبان نے کنٹرول کرلیا جس کے باعث آمدورفت معطل ہے۔صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد سیل کرکے سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں لیویز حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے بھی باب دوستی ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے جس کے باعث تجارت بھی معطل ہے، باب دوستی پر اضافی سکیورٹی تعینات کرکے پاک افغان بارڈر پر ہائی الرٹ کردیا گیا ، باب دوستی گیٹ سے آمدورفت اور تجارت بحالی کیلئے طالبان کی مقامی قیادت سے رابطے میں ہیں۔لیویز حکام کے مطابق چمن سے متصل افغانستان کی تمام سرحدی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ ہے اور پاک افغان بارڈر پر غیریقینی صورتحال ہے۔ادھر برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نے کہاہے کہ اگر طالبان نے افغانستان کا اقتدار سنبھال لیا تو برطانیہ ان کے ساتھ کام کرے گا، تاہم انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی صورت میں ان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نظر ثانی کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نے ایک انٹرویو میں کہاکہ حکومت کی باگ ڈور خواہ جس کسی کے بھی ہاتھ میں ہو اگر وہ بعض بین الاقوامی ضابطوں کی پاسداری کرتی ہے تو برطانوی حکومت اس کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے تاہم متنبہ کیاکہ اگر وہ(طالبان)انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہیں تو برطانیہ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرے گا۔