موجودہ بجٹ ترقی کا بجٹ ہے، وزیراعظم
شیئر کریں
وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ بجٹ کے نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں تاکہ غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصر کے عزائم ناکام ہوں موجودہ بجٹ ترقی کا بجٹ ہے ،مقصد معاشی استحکام کو نہ صرف مزید مستحکم کرنا ہے ،کامیاب جوان پروگرام، صحت کارڈ، ٹین بلین سونامی، سائنس و ٹیکنالوجی کا فروغ، تخفیف غربت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے پروگراموں پر خصوصی توجہ دینے کا مقصد ملک کو درپیش چیلنجز پر موثر طریقے سے قابو پانا ہے۔ پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء ، معاونین خصوصی ، پارٹی رہنما اور ترجمان شریک ہوئے ،اجلاس میں ملکی صورتحال خصوصاً حکومت کی جانب سے پیش کردہ عوامی ترقیاتی بجٹ ، بجٹ میں عوام کو پہنچائے جانے والے ریلیف اور خصوصاً معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات زیر غور آئے،۔پارٹی رہنماؤں نے ایک متوازن ، عوام دوست اور معاشرے کے ہر طبقے کے لئے مثبت بجٹ پیش کرنے پر وزیرِ اعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس امر پر بے حد اطمینان ہے کہ پاکستان کی معیشت نہ صرف استحکام بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں جب عالمی سطح پر ہرمعیشت کو سخت دھچکا لگا ہے اور معاشی مسائل پیدا ہوئے ہیں وہاں پاکستان نے کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ ترقی کا بجٹ ہے جس کا مقصد معاشی استحکام کو نہ صرف مزید مستحکم کرنا ہے بلکہ معیشت کے اہم شعبوں زراعت، انڈسٹری، ہاؤسنگ وغیرہ جیسے اہم شعبوں کو فروغ دینا ہے۔ وزیرِ اعظم نے موجودہ حکومت کے اہم اقدامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام، صحت کارڈ، ٹین بلین سونامی، سائنس و ٹیکنالوجی کا فروغ، تخفیف غربت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے پروگراموں پر خصوصی توجہ دینے کا مقصد ملک کو درپیش چیلنجز پر موثر طریقے سے قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ موجودہ بجٹ میں معاشرے کے ہر طبقے کے لئے امیدکی کرن ثابت ہو۔ وزیرِ اعظم نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ بجٹ کے نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں تاکہ غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصر کے عزائم ناکام ہوں۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشرے کے کمزور طبقوں کو حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کے حوالے سے متعارف کرائے جانے والے نئے نظام پر بریفنگ دی گئی ،معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو ٹارگیٹیڈ سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے مجوزہ نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ احساس سروے بانوے فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے ،۔اسی ماہ کے آخر تک اس کام کو مکمل کر لیا جائے گا۔ صدر نیشنل بنک کی جانب سے حکومت کی فراہم کردہ سبسڈی مستحق خاندانوں کو فراہم کرنے کے مجوزہ نظام پر بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹارگیٹیڈ سبسڈی کے نظام کو متعارف کرانے کا مقصد کروڑوں خاندانوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ٹارگیٹڈ سبسڈی کے حوالے سے نظام ترتیب دینے پر متعلقین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے امیر غریب کو یکساں سبسڈی فراہم کرنا نہ صرف سرکاری وسائل کا زیاں ہے بلکہ یہ ان غریب لوگوں کی حق تلفی ہوتی ہے جو اس معاونت کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگیٹڈ سبسڈی کی بدولت کمزور طبقوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور اس حوالے سے حکومت تمام مالی وسائل فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نئے نظام کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کا آئندہ ماہ سے باقاعدہ اجرا کیا جا سکے۔