سندھ کا اصل حکمران یونس میمن کون ہے؟ سنسنی خیز تفصیلات
شیئر کریں
کراچی پر کینیڈا سے حکمرانی کرنے والے سندھ کے اصل حکمران یونس میمن پنک ریزیڈنسی کیس کے مفرور ملزم ہیں۔ گزشتہ روز چیف جسٹس کی جانب سے شارع فیصل پر نسلہ ٹاور تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران یہ ریمارکس دیے گئے کہ کراچی پر کینیڈا سے حکمرانی کی جارہی ہے ،شہر کا سسٹم کینیڈا سے چلایا جارہا ہے اور یونس میمن سندھ کا اصل حکمران ہے ۔ان ریمارکس کے بعد پورے ملک میں یونس میمن کا نام زیر بحث آنے لگا اور اکثر حلقوں میں یہ سوال اُٹھا کہ یونس میمن نامی یہ شخص آخر کون ہے؟ جرأت کے خصوصی ذرائع کے مطابق کراچی کے اکثر ڈپٹی کمشنرز ، میونسپل کمشنر ، ممبر ایل یو، ڈی جی کے ڈی اے اور ڈی جی ایم ڈی اے یونس میمن کی نگرانی میں کام کرتے ہیں۔ ان مناصب پر تعینات افسران دراصل یونس میمن سے معاملات طے کرکے لائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی کے تمام بااثر افسران اور منافع بخش مناصب پر تعینات ذمہ داران یونس میمن کے ذریعے کنٹرول کیے جاتے ہیں۔ جبکہ ان افسران کے ذریعے ہی کراچی کے پورے سسٹم کو چلایا جاتا ہے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق یونس میمن نے بعض اہم معاملات کی نگرانی کے لیے ایک بلڈر خالد یوسفی کو بھی بطور فرنٹ مین رکھا ہے۔ واضح رہے کہ یونس میمن آصف علی زرداری کے پرانے فرنٹ مین اقبال میمن کا کزن ہے۔ جو ان دنوں دبئی میں اکثر دیکھے جاتے ہیں۔ جبکہ یونس میمن آصف علی زرداری کے اہم شراکت دار اور مختلف مقدمات میں شریک ملزم انور مجید کو مختلف معاملات میں رپورٹ کرتے ہیں۔ یونس میمن کا نام شہر کے بڑے اسکینڈلز میں زیر بحث رہا ہے۔ اور اس حوالے سے انتہائی اہم حلقوں میں نہایت معلومات افزا تفتیش بھی جاری ہے۔