محکمہ ثقافت ،ڈائریکٹر جنرل کے عہدوں پر جونیئر افسران تعینات
شیئر کریں
محکمہ ثقافت سندھ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی۔ جونیئر افسران اعلی عہدوں پر تعینات۔ متاثر افسران نے سیکرiٹری کو شکایت کردی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ثقافت سندھ نے ڈائریکٹر جنرل لائبریری کے عہدے پر گریڈ 19 کے افسر اعجاز شیخ کو تعینات کیا ہے جس پر محکمہ ثقافت کے افسر سنتوش کمار نے محکمہ ثقافت کے سیکرٹری کو لیٹر ارسال کر کے موقف اختیار کیا ہے کہ اعجاز شیخ کو گریڈ 20 کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے اور وہ مجھ سے جونیئر ہیں سندھ سول سرونٹ رولز کے تحت اس عہدے پر سینئر افسر کو تعینات کرنا لازمی ہے اس کے ساتھ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ جونیئر افسر کو سینئر پوزیشن پر تعینات نہیں کیا جا سکتا۔ جبکہ محکمہ ثقافت کے ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی اینڈ اینٹی کوئیٹیز کے گریڈ 20 کے عہدے پر گریڈ 19 کے افسر عبد الفتاح شیخ کو تعینات کیا گیا ہے اسی طرح محکمہ ثقافت کے پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ریزیڈنٹ کے گریڈ 20 کے عہدے پر گریڈ 19 کے افسر روشن قناصرو کو تعینات کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ روشن قناصرو سابق ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی منظور قناصرو اور ان کے بھائی روشن قناصرو کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ منظور قناصرو پر کروڑوں روپے کی کرپشن الزامات کے بعد نیب نے انکوائری شروع کی اور تاحال انکوائری کھٹائی کا شکار ہے۔