فواد چوہدری نے نواز شریف کو نیا الطاف حسین قرار دیدیا
شیئر کریں
سابق وفاقی وزیراطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جتنے نااہل اور ڈاکو مسلط ہیں یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک کے حالات دیکھیں اور لندن کی تصویریں دیکھیں، ساری وفاقی حکومت لندن میں براجمان ہیں، بانی ایم کیوایم لندن میں رابطہ کمیٹی کو بلایا کرتا تھا، یہ لوگ اپنی کابینہ کو لندن بلا رہے ہیں، اب نیا بانی ایم کیوایم پیدا ہوگیا، وزیراعظم کو ہی لندن بلا لیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 2 وزیراعظم اور 2 وزیرخارجہ دو اور وزیرخزانہ کام کررہے ہیں، پنجاب میں جعلی وزیراعلیٰ ہے، کابینہ بھی موجود نہیں ہے، پاکستان میں سیاست اور گورننس کا بہت بڑا بحران ہے، ایسے حالات میں معیشت پر کوئی فیصلہ ممکن ہی نہیں، 9 دن میں ڈالر 15 روپے بڑھ چکا ہے، اسٹاک مارکیٹ 3500 پوائنٹس گرچکی ہے، یہ سعودی عرب گئے ان کا خیال تھا پیسہ ملے گا، ان کو امریکا اور دیگر ممالک سے پیسے ملنے کی امید تھی جوپوری نہ ہوئی، دنیا عوام کو دیکھ کر چلتی ہے چند افراد پر فیصلے نہیں کرتی۔فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے عوام نے امپورٹڈ حکومت سے بغاوت کردی ہے، ہماری حکومت آئی تو دنیا کے تمام ممالک نے ہمیں سپورٹ دی، ایل این جی کے مہنگے ترین سودے انہوں نے کیے، پہلے ماہ میں 5 ارب ڈالر فارن ریزرو نکل گیا، ہمارے پاس فارن ریزرو نہیں ہیں، ڈالر کے معاملات کو گورنراسٹیٹ بینک نے دیکھنا ہے جو ہے ہی نہیں، لوڈ شیڈنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے لیکن انرجی کا وزیر ہی نہیں، شعبہ توانائی کے معاملات دیکھنے کے لیے وزیر توانائی ہی نہیں۔سابق وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے میں حکومت ہی نہیں ہے، ملک میں زرعی بحران ہمارے سامنے ہے، خریف کی فصلوں کو پانی میسر نہیں، زراعت کو بحران درپیش ہے، ہم نے پاکستان کی معیشت کو بحران سے نکالا تھا، پاکستان میں معاملات قابو میں آرہے تھے چیزیں بہتر ہورہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پایا گیا، معیشت مستحکم ہورہی تھی، جتنے نااہل اور ڈاکو مسلط ہیں یہ پاکستان کوسری لنکا بنا کر چھوڑیں گے، ہمارے بدترین مخالف کہہ رہے ہیں انتخاب کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے ایک جلسہ روکا اب پورے ملک میں جلسہ ہورہا ہے، جلسے اور جلوسوں کو ایسے یہ روک سکتے ہیں، آپ اس طرح لوگوں کو نہیں روک سکتے، یہ دور نہیں کہ میڈیا مالکان کو ملا کر رائے عامہ تبدیل کردی جائے، جلسے روکنے والے معاملات ان کے کامیاب نہیں ہونگے۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ انہوں نے کچھ صحافیوں کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے، ان کا خیال ہے کہ چند صحافیوں کو ساتھ ملا کر رائے عامہ بدل دیں گے، یہ وہ دور نہیں کچھ صحافیوں کو وزیر بنا دیں گے اور رائے عامہ تبدیل ہوجائے، 12 کروڑ لوگوں کے پاس پاکستان میں موبائل فون موجود ہیں، اس وقت پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں مسیحی برادری پر ظلم کیے گئے، ن لیگ کے لیڈر بشمول رانا ثنا نے چرچوں کی زمینوں پر قبضے کیے، آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم چرچ کی زمین پر بنی ہوئی ہے، ان کے دور میں مسیحی افراد کو گھروں سے نکال کر مارا گیا، مسیحی برادری کے لوگوں کو زندہ جلایا گیا تب رانا ثنا وزیر تھے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ وینٹی لیٹر نے بھی اسی مقام پر جلسے کیے، اس طرح کی بے شرم حکومت زندگی میں نہیں دیکھی ہوگی، جو کونسلر نہیں رہیں ان کو مس انفارمیشن بنادیا ہے، یہ جھوٹ بھی بولیں تو پہلے بیٹھ کر غور کرلیا کریں، پاکستان میں کسی جماعت نے اس طرح مذہبی کارڈ استعمال نہیں کیا جیسے انہوں نے کیا، ن لیگ نے توہین مذہب کے مقدمات درج کروا دیے، لندن میں بیٹھے افراد پر انہوں نے مذہب سے متعلق پرچے کرائے، ان کی سیاست کی بنیاد ہی یہ ہے کہ لوگوں کو لڑائیں،فواد چوہدری نے کہا کہ پورا پاکستان اس وقت تحریک کے لیے تیارہوچکا ہے، واحد حل یہ ہے کہ عام انتخابات کا اعلان کریں، ان گرفتاریوں اور رکاوٹوں سے تحریک رکنے والی نہیں ہے، پاکستان کے عوام کو اپنی حکومت چننے کا حق دیں۔