عمران خان اپنی انا کی وجہ سے گرفتاری کے نزدیک پہنچ گئے ہیں، بلاول بھٹو
شیئر کریں
وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی انا کی وجہ سے گرفتاری کے نزدیک پہنچ گئے ہیں، وہ سمجھتے ہیں وہ بہت اہم ہیں اس لئے عدالت نہیں جائیں گے،پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کر کے پاکستان کو انتہائی نازک معاشی صورتحال میں دھکیل دیا ،امریکا اور پاکستان کیلئے مل کر کام کرنا اور مستقبل کی حکمت عملی بنانا بہت ضروری ہے، افغانستان ایک حقیقت ،دنیا کو اس موضوع پر سنجیدہ ہونا چاہئے۔امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو ایک بدترین بحران کا سامنا ہے، ہمارے ہاں سیاسی جماعتوں کے درمیان تقسیم اور سیاسی پولرائزیشن میں اس قدر اضافہ ہوچکا ہے کہ سیاسی جماعتیں یا سیاسی اسٹیک ہولڈرز ایک ساتھ بیٹھ کر آپس میں مسائل پر بات کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں رہے، یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہم معاشی بحران کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملوں کی بڑھتی ہوئی تعدد کے نتیجے میں ملک کو سیکورٹی خدشات کے ساتھ ساتھ تاریخ کی سب سے بڑی ماحولیاتی تباہی کے اثرات کا بھی سامنا ہے۔ عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی وجہ سے پاکستان میں جاری بدامنی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک بیک وقت انتشار اور بحرانوں سے نمٹ رہا ہے لیکن عمران خان کا خیال ہے کہ ملک کا قانون ان پر لاگو نہیں ہوتا۔