میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان کو گھر بھیجنے تک بیرون ملک نہیں جائوں گی، مریم نواز

عمران خان کو گھر بھیجنے تک بیرون ملک نہیں جائوں گی، مریم نواز

ویب ڈیسک
پیر, ۱۵ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ (ن) لیگ پی ڈی ایم کے فیصلوں کی پاسداری کریگی ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب نے اب رونا شروع کردیا ہے اور لاہور ہائی کورٹ میں جاکرکہا ہے کہ مریم نواز سیاسی بیانات دے رہی ہیں اور اداروں کے خلاف بیان بازی کررہی ہیں، نیب کو بیانات جانچنے کا اختیار کس نے دیا ، نیب کا کام تو کرپشن پکڑنا تھا اور اس میں آپ ناکام ہو گئے ہیں تو آپ نے اپنی ذمہ داریاں تبدیل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر ،فوج کے ترجمان ہیں جبکہ عدلیہ کے اپنے ترجمان ہیں، نیب کو کس نے ترجمان تعینات کیا ہے ، یہ کون ہوتے ہیں اپنے لئے خود ذمہ داریاں ڈھونڈنے والے کہ کون کیا بیان دے رہا ہے ، کون کیا بیان نہیں دے رہا۔ نیب کو اگر اپنے دائرہ اختیار کا نہیں پتا اور اتنی مضحکہ خیز درخواست عدالت میں جمع کروائی ہے اس پر تو خود نیب کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے ۔ نیب نے اتنا بڑا جھوٹ بولا ہے ، پوری قوم گواہ ہے کہ جب نیب نے مجھے بلایا میں گئی، ایک دفعہ مجھے بلایا اور مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا، میری گاڑی پر پتھرائو کیا اور میری گاڑی پر لیزر گن سے فائر ہوا اور بلٹ پروف گاڑی کی پوری سکرین کریک ہو گئی اور وہ گاڑی ابھی تک اسی حالت میں میرے پاس کھڑی ہے ۔ ایک سال ہو گیا ہے نیب نے مجھے نہیں بلایا، میں لاہور میں ہوں جب مجھے بلاتے ہیں میں جاتی ہوں، جتنا بھی یہ انتقام کا ادارہ ہے پھر بھی جب یہ بلاتے ہیں میں ان کو ایکسپوز کرنے کے لئے جاتی ہوں۔ نیب نے اتنا بڑا جھوٹ لاہور ہائی کورٹ میں بولا کہ مریم نواز تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی،کیا مطلب ہے آپ کا؟آپ نے تین ماہ تحقیقات کے بہانے مجھے نیب میں رکھا اور آپ نے مجھ سے تحقیقات کیا کیں روز مجھ سے آکر پوچھتے تھے کہ آپ کون سی کتابیں پڑھ رہی ہیں، آپ کے گھر میں جو دعوتیں ہوتی ہیں ان میں مینیو کون بناتا ہے او ر پارٹی کے فیصلے کون کرتا ہے ۔ اس وقت میرے کامیاب جلسے ہورہے تھے ، ان کے ہاتھ پائوں پھول گئے اور انہوں نے میرے والد کے سامنے مجھے گرفتار کر لیا۔چوہدری شوگر ملز کیس کی حقیقت یہ ہے کہ آج تک نیب نہ اس کیس میں ریفرنس بناسکا ہے اور نہ ہی کیس رجسٹرڈ کر سکا ہے ۔جلسے ہوتے ہیں مریم نواز کو گرفتار کر لو، لانگ مارچ ہو رہا ہے مریم نواز کو گرفتار کرلو، حکومت کے خلاف لہر چل پڑی ہے ضمنی انتخابات جیت رہے ہیں مریم نواز کو گرفتار کرلو، لوگوں کو بیوقوف نہ بنائیں ، لوگوں کو نظر آرہا ہے آپ کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور آپ کے ہاتھ پائوں پھولے ہوئے ہیں اور آپ اپنی ڈوبتی ہوئی کشتی کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد ہے اور پاکستان انشاء اللہ زندہ باد رہے گا، میاں جاوید لطیف ایک محب وطن پاکستانی ہیں اور شیخوپورہ کی عوام ان کو بار ، بار منتخب کر کے قومی اسمبلی میں بھیجتی ہے اور ان پر اعتماد کا اظہار کرتی ہے مجھے ان کی حب الوطنی میں کسی قسم کا شک نہیں ہے ۔آپ یہ جان رکھیں کہ اگر آپ نے (ن)لیگ کو بار، بار انتقام کا نشانہ بنایا تو آپ خود اس کی زد میں آئیں گے ، مسلم لیگ (ن)خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج چینی کی قیمت 105روپے فی کلو سے تجاوز کرگئی، میں مہنگائی سے پسے عوام کے لئے بھی بولوں گی، میں لاقانونیت کے خلاف بھی بولوں گی، میں ان کی اقرباء پروری کے خلاف بھی بولوں گی، میں ان کی اے ٹی ایمز کے خلاف بھی بولوںگی، لاہور اور پورے پاکستان کو انہوں نے جو کوڑے کا ڈھیر بنادیا ہے ، جگہ ، جگہ کوڑے کے ڈھیر کے پہاڑ بن گئے ہیں ، میں ان کی آٹا چوری کے خلاف بھی بولوں گی ، ان کی چینی چوری کے خلاف بھی بولوں گی، ان کی گیس چوری کے خلاف بھی بولوں گی اور اگر آپ اس کو سیاسی بیانات کہتے ہیں تو میں سیاست کروں گی، نیب کو یہی تکلیف ہے کہ میں آٹا چور کو آٹا چور کیوں کہہ رہی ہوں، میں چینی چور کو چینی چور کیوں کہہ رہی ہوں، اور میں کیوں کہہ رہی ہوں کہ سیاست میں مداخت بند کی جائے ، یہ سیاسی بیانات تو نہیں ہیں، میں پاکستانی شہری ہوں آئین اور قانون مجھے حق دیتا ہے اور سیاستدان سیاست نہیں کرے گا تو اورکیا کرے گا، عوام کی نمائندگی نہیں کرے گا تو اور کیا کرے گا۔ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ مریم نواز کو ضما نت منسوخ ہونے اور جیل کی دھمکیوں سے ڈرا لیں گے تو معذرت کے ساتھ یہ انشاء اللہ تعالیٰ کبھی نہیں ہو گا کیونکہ مریم نواز ، عمران خان کی طرح نہیں ہے جب پولیس نے باہر گھیرا ڈالا تو دیوارپھلانگ کر بھاگ گئے ، مریم نواز دو دفعہ بے گناہ جیل کاٹ کے آئی ہے ، تیسری دفعہ بھی کاٹ لے گی ایسی کوئی بات نہیں ہے اور اگر یہ قربانی مجھے دینی پڑتی ہے تو میں ضرور دوں گی، دھمکیاں اور گیدڑ بھبھکیاں کسی اور کو دینا ، تم لوگوں کے دماغ میں خوف ہو گا مریم نواز کے دماغ میں خوف نہیں ہے ۔ یہ انتقام میں بھی ناکام ہو گئے ہیں اور اب عدلیہ کے کندھے پر بندوق رکھ کر چلانے کی کوشش کررہے ہیں ، اب آپ عدلیہ کو انتقام میں گھسیٹنے کو کوشش کررہے ہو،آئو میدان میں مریم نواز کا مقابلہ کرو، میں عدلیہ سے درخواست کرتی ہوں کہ نیب کے اس جھوٹ کا بیہودہ اور لغو درخواست کا نوٹس لے اور ان کے خلاف ایکشن لے ، کیونکہ میرے وکلاء کہتے ہیں کہ اس قسم کی درخواست کے خلاف خود ایکشن ہونا چاہئے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ حکومت صرف خفیہ چیزوں پر چل رہی ہے ، سینیٹ ہال میں خفیہ کیمرے لگانا بڑا معاملہ ہے ، کیمرے کس کے کہنے پر کس کے لئے لگائے گئے ، قومی اسمبلی سے زبردستی اعتماد کا ووٹ لے لیا گیا، صرف ہمارے لئے نہیں بلکہ ان کے اپنے اراکین کو بھی ان ایجنسیوں سے اٹھوایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گھر بھیجنے تک بیرون ملک نہیں جائوں گی، حکومت کا مجھے باہربھیجنے کا خواب پورا نہیں ہوگا، جب تک عمران خان اور یہ حکومت اپنے گھر نہیں چلے جاتی تو میں ٹرے میں رکھ کر دئیے گئے ٹکٹ اور پیشکش قبول نہیں کروں گی۔نہوں نے کہا کہ (ن) لیگ پی ڈی ایم کے فیصلوں کی پاسداری کریگی،لانگ مارچ سمیت ہر آپشن کیلئے تیار ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں