میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لندن گروپ فعال ،متحدہ پاکستان کایوم تاسیس کھٹائی میں پڑ گیا

لندن گروپ فعال ،متحدہ پاکستان کایوم تاسیس کھٹائی میں پڑ گیا

ویب ڈیسک
پیر, ۱۵ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار)18 مارچ کو متحدہ قومی موومنٹ کا37 واں یوم تاسیس کھٹائی میں پڑ گیا، لندن گروپ کی فعال ہوتی سرگرمیاں اور شہر قائد میں وال چاکنگ کے باعث حساس اداروں کی ہدایات پر مکا چوک،نشتر پارک اور کے ایم سی گراؤنڈ کا جلسہ ملتوی کر دیا گیا، پارٹی کے دو دھڑوں نے جلسوں کی نئی تاریخیں مقرر کر دیں۔ متحدہ لندن کایوم تاسیس سے متعلق فیصلہ آ ج بانی متحدہ کے خطاب میں متوقع، شہر قائد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بانی متحدہ کی جانب سے10مارچ کو جاری کئے گئے آ ڈیو پیغام میں شہر قائد میں موجود متحدہ لندن کے کارکنان سے18مارچ کو پارٹی کے37 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مکا چوک پر جمع ہونے کی اپیل کی گئی تھی، جس کے بعد سے شہر کے مختلف علاقوں میں میں ان کے ناموں کی وال چاکنگ اور بینرزآویزاں کرنے کاسلسلہ زور و شور سے جاری تھا، تاہم گزشتہ روز اچانک مکا چوک پر یوم تاسیس منانے کا فیصلہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ متحدہ پاکستان کی جانب سے بھی یوم تاسیس کے موقع پر 18مارچ کو نشتر پارک میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کی تاریخ گزشتہ روز تبدیل کر دی گئی ہے اور25مارچ کو پارٹی کا یوم تاسیس منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کمیٹی کی جانب سے یوم تاسیس کی تاریخ میں تبدیلی کر کے 28مارچ کر دی گئی ہے۔پارٹی کے37 ویں یوم تاسیس پر متحدہ لندن کی فعال ہوتی سرگرمیوں کے باعث گزشتہ کئی روز سے حساس ادارے حرکت میں آ ئے ہوئے تھے جس کے تحت بانی متحدہ کے حق میں وال چاکنگ کرنے والوں اورسوشل میڈیا پر مکا چوک پر جمع ہونے کی مہم جوئی کرنے والوں کی خفیہ طور پر مانیٹرنگ جاری تھی، جن کیخلاف مرحلہ وار کارروائیوں کو حتمی شکل دینے کی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔ سیکورٹی اداروں کی جانب سے 18 مارچ کو شہر میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے اور ایک ہی روز میں پارٹی کے تینوں دھڑوں کے یوم تاسیس کے موقع پرخونزیر تصادم کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا، جس کو مد ِ نظر رکھتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے دو گروپوں کی جانب سے یوم تاسیس کی تاریخیں تبدیل کر دی گئیں ہیں، جبکہ متحدہ لندن نے بھی کارکنان کو گرفتاری سے بچانے کے لیے یوٹرن لے لیاہے، تاہم آ ئندہ چند روز میں شہر قائد میں متحدہ لندن کو فعال کرنے کی غرض سے بانی متحدہ کے حق میں وال چاکنگ کرنے والے عناصر کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا امکان ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں