8 فروری کی کال ہمارے الائنس کی ہے عمران خان کی نہیں،علیمہ خانم
شیئر کریں
کل تین خواتین کارکنان گرفتار، 5 لاکھ ہر کارکن سے تاوان مانگا جا رہا ہے، 8 سے زائد گاڑیاں اٹھا کر لے گئی
ہم عدلیہ کو آزاد کرنے نکلے تھے ہمیں ہی جیل میں ڈالا جا رہا ہے،سہیل آفریدی کو اسٹریٹ موومنٹ کی ہدایت
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ 8 فروی کی احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ اپوزیشن اتحاد کی ہے۔علیمہ خان نے اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے کہا بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ کی آزادی کے لیے پرامن احتجاج کا کہا تھا، آپ کی آزادی کے لیے آواز اٹھانے پر ہمیں ہی جیلوں میں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو اسٹریٹ موومنٹ کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، بانی نے کبھی نہیں کہا میرے لیے باہر نکلو، اگر عدالتوں سے انصاف مل رہا ہوتا تو ہماری حالت یہ نہ ہوتی، اڈیالہ جیل کے باہر قرآن خوانی کو بھی جرم بنایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو غیر قانونی طریقے سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، گزشتہ رات ہم جب گھر واپس روانہ ہوئے تو روات تھانے کے ایس او نے ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا، پولیس نے گزشتہ رات ہمارے لوگوں کی گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں۔علیمہ خان نے کہا کہ ہماری تین خواتین کارکنان کو پولیس نے کل گرفتار کیا، 8 سے زائد گاڑیاں کل پولیس اٹھا کر لے گئی، 5 لاکھ روپے ہر کارکن سے تاوان مانگا جا رہا ہے، تھانہ روات کے ایس ایچ او کے خلاف کون اب درخواست دے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں نے گاڑیاں چھڑوانے کے لیے پولیس کو پیسے دیے ہیں، ہم عدلیہ کو آزاد کرنے نکلے تھے لیکن ہمیں ہی جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔عمران خان کی بہن نے بتایا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کے لیے کچھ کتابیں عدالت کو دی ہیں، عدالت کا شکریہ وہ ہماری کتابیں جیل میں پہنچاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کی کال ہمارے الائنس کی ہے عمران خان کی نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو اسٹریٹ موومنٹ کی ہدایت کی ہے۔


