کالابلدیاتی قانون نامنظور،متحدہ اپوزیشن آج فوارہ چوک پرمیدان لگائے گی
شیئر کریں
سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سردار عبدالرحیم ،محمد حسین ،جاوید حنیف ،بلال غفار،حسنین مرزا اور عارف مصطفی جتوئی نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے سیاہ بلدیاتی قانون کے خلاف وزیراعلی ہاؤس کے سامنے دھرنے کا عندیہ دیدیا، رہنماؤں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن آج ہفتہ کو فوارہ چوک پر تاریخ احتجاج کرے گی جس میں کراچی کے باشعور عوام بڑی تعداد میں شریک ہوکر بے اختیار بلدیاتی قانون کے خلاف تاریخی فیصلہ دینگے، قابض حکومت نے بلدیاتی قانون کو واپس نہیں لیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔ وہ جمعہ کو مسلم لیگ فنکشنل ہاؤس کراچی میں مشترکہ اپوزیشن جماعتوں جی ڈی اے،پی ٹی آئی،اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں جی ڈی اے کے انفارمیشن سیکریٹری سردار عبدالرحیم،ایم پی اے حسنین مرزا،عارف مصطفی جتوئی،پی ٹی آئی کے بلال غفار،ایم کیوایم پاکستان کے محمد حسین،جاوید حنیف نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ کالے قانون کے خلاف 12 جنوری کو سندھ کے تمام اضلاع کے پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور آج 15 جنوری کو کراچی میں فوارہ چوک کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا،بلدیاتی اختیار اگر منتخب نمائندوں کو ملے اور پرائیس کنٹرول کا اختیار بھی دیا جائے تو مہنگائی ختم ہوسکتی ہے، علاوہ ازیںپاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی حیدر زیدی نے سندھ بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف آج(ہفتہ)کراچی پریس کلب پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی اس کالے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں بھرپور حصہ لے گی۔اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر علی زیدی نے اہلیان کراچی کو بھی اس احتجاج میں شرکت کی اپیل کی اور کہاکہ احتجاجی مظاہرے میں ایک بڑا اعلان کرنے جارہے ہیں۔علی زیدی نے کہا کہ اس تاریخی احتجاج میں کراچی کے شہری بتا دیں گے ہم اس کالے قانون کو نہیں مانتے، ہم بد دیانتی پر مبنی اس قانون کیخلاف عدالت سے بھی رجوع کرینگے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں،ہم اس کالے قانون کو ہر صورت ختم کر کے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ 14 سال سے سندھ پر ایک مافیا قابض ہے،جمہوریت کے علمبردار بننے والوں نے 18 ویں ترمیم کی آڑ میں جمہوریت پر ڈاکہ ڈالا ہے،سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کر کے وسائل ہڑپ کرنا چاہتی ہے۔جو کام صوبائی حکومت کے تھے وہ وفاقی حکومت نے پورے کیے۔پیپلز پارٹی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ آصف زرداری کا مافیا ہے۔