مینار پاکستان پراتنا ناکام جلسہ کبھی نہیں ہوا،شیخ رشید
شیئر کریں
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈیم ایم والوں نے خود اپنی سیاسی قبر کھود دی ہے، ان کے ارمان دھرے کے دھرے رہ گئے، فضل الرحمان مدرسے کے بچوں کو نہ لاتے تو یہاں کرکٹ کھیلی جا سکتی تھی۔ان خیالات کا اظہار وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، انھوں نے مینار پاکستان میں جاری پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان پر تاریخ میں اتنا ناکام جلسہ کبھی نہیں ہوا۔شیخ رشید نے کہا اس سے پہلے ایک دن کے نوٹس پر مینار پاکستان پر لاکھوں لوگوں کا جلسہ ہوا تھا، اب یہاں چند ہزار لوگ جلسے میں ہیں، یہ میری پریس کانفرنس کے بھی قابل نہیں، عام سے جلسے سے بھی کم لوگ ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ کا ناکام ترین جلسہ ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا فضل الرحمان کا چہرہ دیکھیں تو ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، جو سچا تھا اس کے الٹ ہو رہا ہے، جلسوں کی جگہ کا دو ماہ پہلے اعلان کیا گیا تھا پھر بھی لوگ نہیں آئے، ایسا لگ رہا ہے پارٹی نہیں ن لیگ کے ایم این ایز بھی غیر مقبول ہو گئے ہیں۔انھوں نے کہا میں نے جلسے کی وجہ سے اپنی پریس کانفرنس ملتوی کی، اقتدار کے بھوکوں نے آج اتوار بازار لگایا اس میں بھی لوگ نہیں آئے، فضل الرحمان ان کو پیچھے نہیں ہٹنے دے گا انھیں لڑوائے گا مروائے گا، فضل الرحمان نے جو علاقہ غیر میں خطاب کیا وہ بھی دیکھ لیں، وہ غیر پارلیمانی زبان استعمال کر رہے ہیں۔اپوزیشن سے رابطوں کے حوالے سے ان کا کا کہنا تھا کہ رابطوں کا ابھی وقت نہیں آیا، جب وقت آئے گا رابطے بھی ہو جائیں گے، فضل الرحمان کا ایجنڈا کچھ اور ہے، آخری کارڈ آصف زرداری کھیلے گا، لیکن عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔