سرحدپار سے دہشت گردوں کے حملے میں کیپٹن، سپاہی شہید، 4فوجی زخمی
ویب ڈیسک
منگل, ۱۴ نومبر ۲۰۱۷
شیئر کریں
راولپنڈی(این این آئی)پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے سرحد پار حملے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی رحم شہید جبکہ چار فوجی زخمی ہو گئے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے حملے کا موثر جواب دیتے ہوئے 8 سے 10 دہشتگردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد پر باجوڑ ایجنسی کے علاقہ میں دہشتگردوں نے افغانستان کی جانب سے حملے کی کوشش کی جس کا موثر جواب دیا گیا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں فرار ہونیوالے 8 سے 10 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے بہادر سپوت کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی رحم شہید اور چار فوجی زخمی ہو گئے۔ سرحد پر افغان سائیڈ پر کسی رٹ کی غیر موجودگی کے باعث کئی دوسرے علاقوں کی طرح دہشتگردوں کو اس علاقہ سے بھی ایسے حملوں میں مدد ملتی ہے۔