میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مالیاتی قدغنیں افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کریں گی ،وزیرخارجہ

مالیاتی قدغنیں افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کریں گی ،وزیرخارجہ

ویب ڈیسک
منگل, ۱۴ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جغرافیائی و سیاسی سوچ سے بالاتر ہو کر افغانستان کی تعمیر نو کی ضرورت ہے، تمام ذمہ دار ممالک ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں،سائبر پلیٹ فارمز کا غلط استعمال اور عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کے لئے بے بنیاد الزامات کو ہوا دے کر دنیا کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں وزیر خارجہ نے کہا کہ کئی دہائیوں تک مصائب کے بعد ، افغانستان ایک تاریخی دوراہے پر کھڑا ہے جہاں یا تو وہ بالآخر تنازعات اور عدم استحکام کے سلسلے سے نجات حاصل کر سکتا ہے یا پھر بطور ریاست ناکامی کی طرف جا سکتا ہے جس سے افغان عوام کے لئے مزید ناقابل برداشت مصائب پیدا ہوں گے اور پورا خطہ متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال سے پاکستان کو بھی بھاری جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود ہم ثابت قدم رہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قریبی ہمسایہ کی حیثیت سے ہم اس سے لاتعلق رہنے کے متحمل نہیں ہو سکتے تھے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی طاقتوں پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الافغان مفاہمت کو فروغ دینے کے لئے حقیقی کوششوں پر توجہ د یں ، افغان عوام دہائیوں کے تنازعات سے تنگ آ چکے ہیں، اس صورتحال سے افغانستان کے بعد پاکستان سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والا ملک ہے، ہم ایک پرامن اور خوشحال خطہ چاہتے ہیں جو بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو تقویت دے۔ اس سے ہمارے باہمی رابطے کے ایجنڈے کے حصول میں بھی مدد ملے گی جو علاقائی اقتصادی انضمام کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی فیاضانہ مدد سے معاشی اور پناہ گزینوں کے بحران کو روکنے میں مدد ملے گی، اس مرحلے پر مالیاتی قدغنیں عام افغانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کریں گی ، ہمیں ان کا گلا گھونٹنے کی بجائے ان کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھانا چاہئے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آئیں جغرافیائی و سیاسی سوچ سے بالاتر ہو کر افغانستان کے درد اور تکلیف کو کم کرنے کی کوشش کریں۔ پاکستان تمام ذمہ دار ملکوں پر زور دیتا ہے کہ وہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور انہیں دہرائے جانے کی اجازت نہ دیں۔آئیں ہم اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے ایک نئے دور کا آغاز کریں جہاں ایک مستحکم اور پرامن افغانستان خطے کی حقیقی استعداد کو بروئے کار لانے میں ہمارا معاون ہو۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں