پاکستان کا 79 واں جشن آزادی، ملک بھر میں سبز پرچموں کی بہار
شیئر کریں
دن کا آغاز روایتی انداز میں توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں ملکی ترقی و استحکام کیلئے دعاؤں کا اہتمام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان بھر میں 79 واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز روایتی انداز میں توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، توپوں کی سلامی کے دوران اسلام آباد کی فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
کراچی، لاہور، کوئٹہ ، پشاور ، کلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی پیش کی۔
پاک فوج کی جانب سے پرچم کشائی کی شاندار تقریبات
یومِ آزادی کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹر اور مسلح افواج کے تمام ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
پرچم کشائی کی پروقار تقریبات میں قومی پرچم سربلند کیا گیا، جبکہ قومی ترانے کی دھن پر فضا ملی جذبے سے گونج اٹھی، پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ءکو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے پاک فوج کا ہر جوان پرعزم ہے۔
مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پر وقار تقریب
یومِ آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلی گارڈز کی پُروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا، پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔
بانی پاکستان کے مزار پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں۔ اعزازی گارڈز کا ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نےمزارقائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر ہو چکا ہے، بھارت نے ہمیں للکارا، ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں ددنان شکن جواب دیا کہ دنیا ہمین مان گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ملک ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا، انگریز سرکار نے صوبہ سندھ کیخلاف سازش کی جو ناکام رہی، دس اکتوبر انیس سو اڑتیس صوبہ سندھ کراچی میں ایک قرارداد پیش کی گئی تھی، صوبہ سندھ کو فخر ہے کہ جس نے پاکستان بنانے میں کردار نبھایا۔
مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد
دوسری جانب مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، نیول چیف اور ائیر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے افواج ہر وقت تیار ہیں اور قوم کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بانیانِ پاکستان کے نظریات اور اصول آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی کی روشنی میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن رکھا جائے گا۔
پشاور گورنر ہاؤس میں پروقار تقریب
پشاور میں 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر گورنر ہاؤس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا۔
تقریب میں ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
تقریب میں شریک شرکاء نے ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ بعد ازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔
ڈی ایچ اے کے تحت ساحل سمندر پر جشن آزادی کی تقریب
ڈی ایچ اے کراچی میں 79 واں جشن آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں ساحلِ سمندر پر واقع نشانِ پاکستان پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی اور قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد مختلف سرگرمیوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ڈی ایچ اے کے زیرِ انتظام منعقدہ ان تقریبات میں شہریوں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈی ایچ اے کے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر کار ریلی اور ہیوی بائک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے یومِ آزادی کی خوشیوں کا اظہار کیا۔
ڈی ایچ اے ایڈمنسٹریٹر نے تقریبات میں شریک افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قومی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے عزم کی تجدید کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے شہداء، مسلح افواج اور پوری قوم کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں معروف شخصیات، کاروباری برادری اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ شرکاء نے سبز ہلالی پرچم اٹھا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں پرچم کشائی
یومِ آزادی کے موقع پر کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ہیڈ آفس میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر بینک کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں۔
تقریب کے دوران پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ اس موقع پر شرکاء نے ملکی یکجہتی اور روشن مستقبل کے عزم کا اعادہ کیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ ماضی کو یاد کرنے اور مستقبل کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ لاکھوں افراد کی قربانیوں نے ہمیں آزاد ملک کے ساتھ اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کی ذمہ داری بھی دی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ قائداعظم کی جانب سے اسٹیٹ بینک سے وابستہ توقعات آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ پاکستان کی معیشت نے گزشتہ ایک سال کے دوران استحکام کی جانب اہم پیشرفت کی ہے۔ مؤثر مالی و زری پالیسیوں اور بہتر بیرونی کھاتوں سے معیشت کی بنیادیں مزید مضبوط ہوئی ہیں۔
کراچی بندرگاہ پر جشنِ یومِ آزادی کی پروقار تقریب
کراچی بندرگاہ پر پاکستان کے 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا باقاعدہ آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا۔ تقریب سے وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے خطاب کیا۔
وفاقی وزیرِ بحری امور نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ارادے مضبوط ہیں اور کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔ ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہیے اور نئی نسل کو آگاہ کرنا چاہیے کہ پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔
ایف آئی اے کراچی زون میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی پروقار تقریب
یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی زیرِ نگرانی ایف آئی اے کراچی زونل آفس اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی (JIAP) میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی نے قومی پرچم کشائی کی، جبکہ پاکستان کی آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساؤتھ ریجن، مجاہد اکبر خان نے خصوصی شرکت کی۔ ایف آئی اے کراچی زون کے افسران اور اہلکار بھی تقریب میں موجود تھے۔
سندھ ہائی کورٹ بار کی جانب سے پرچم کشائی
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ کے دیگر ججز اور وکلا کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پاکستان اور تحریک پاکستان کے اکابرین و کارکنان کی قربانی اور جدوجہد کو یاد رکھنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپلو کولھی اور سوریہ بادشاہ جیسے آزادی کے متوالوں نے استعماریت کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم تاقیامت ان شہدا کی مقروض رہے گی، یوم آزادی ایمان اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے کی یقین دہانی کرواتا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں پرچم کشائی کی تقریب
لاہور ہائیکورٹ میں 79 ویں جشن آزادی کے سلسلے میں پروقار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ کی تاریخی عمارت پر قومی پرچم لہرایا۔
پنجاب بار کونسل، لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقاریب ہوئیں، تقریب میں عدلیہ اور وکلاء برادری نے ملکی ترقی، سلامتی اور آئین و قانون کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کا کہنا تھا کہ ہمیں قائد کے ویژن کے مطابق ملک و قوم کو مزید سربلند بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
جسٹس عالیہ نیلم کا کہنا تھا کہ نظامِ انصاف کو زیادہ قابلِ رسائی، موثر اور عوام کے لیے آسان بنانا ہمارا نصب العین ہے۔ کیس مینجمنٹ اور جدید آئی ٹی نظام کے ذریعے انصاف کی فراہمی مزید تیز اور آسان بنائی جا رہی ہے۔


