زمین پھٹے یا آسمان گرے‘ ہر حال میں نواز شریف کیساتھ کھڑے ہیں‘ محمود خان اچکزئی
شیئر کریں
کوئٹہ(بیورورپورٹ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ زمین پھٹے یا آسمان گرے ہم ہر حال میں جمہوری وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں، کروڑوں عوام کے ووٹ سے وہ منتخب ہوئے ہیں کسی ایک گروہ کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دینگے ، ہمارا اتحاد جمہوریت کے لیے ہے، ملک کو چلانے اور بچا نے کے لئے جمہور کی حکمرانی ہو نی چا ہئے ہم کسی کو بھی جمہوریت کی بساط لپیٹنے نہیں دیں گے۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں سازش کی بو آرہی ہے جلد سب کچھ سامنے آ جائے گا، ہمارا ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، تحقیقات ہونی چا ہئے لیکن تحقیقات کی آڑ میں جمہوریت کو لپیٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، اگر ملک کے آئین کو چھیڑا گیا تو پشتونخواملی عوامی پارٹی سڑکوں پر ہونگے، اگر نوازشریف کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ہونا ہے تو آئین اور پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف بھی تحقیقات ہونی چا ہئے، کرپشن نے ملک کو تباہی سے دوچار کر دیا، کرپشن کو ختم کرنے کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور سپریم کورٹ کے فیصلے تک انتظار کر نا چا ہئے جو بھی فیصلہ آئے گا سب کو تسلیم کرنا ہو گا۔