میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۴ جولائی ۲۰۱۷

شیئر کریں

مفتی غلام مصطفی رفیق
’’ہانیہ‘‘نام رکھنا درست ہے
سوال: میں اپنی بچی کانام ”ہانیہ”رکھناچاہتاہوں،کیا یہ نام رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟ اور اس نام کا معنی بھی جاننا چاہتاہوں؟
جواب: ’’ہانیہ‘‘ عربی زبان کالفظ ہے،اس کامعنی ہے:
پُرمسرت،خوش دلی،خوشحالی۔یہ نام رکھنادرست ہے۔(رہنمائے اسلامی نام، مولانا عبدالشکورقاسمی، ص:177، ط:بیت السلام کراچی، لاہور)
وتر کی رکعات اور پڑھنے کا طریقہ
سوال:وترپڑھنے کاصحیح طریقہ کیاہے؟اوروتر کتنی رکعات تک پڑھے جاسکتے ہیں؟احادیث کی روشنی میں جواب دیں؟
جواب:وترکی نمازبھی مغرب کی طرح تین رکعت ہے،اس کے پڑھنے کاطریقہ بھی وہی ہے جوفرض نمازوں کاہے، فرق صرف اتناہے کہ فرض کی صرف دورکعتوں میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورت ملائی جاتی ہے،اوروترکی تینوں رکعتوں میں فاتحہ کے بعدسورت ملانے کاحکم ہے اور تیسری رکعت میں سورہ فاتحہ اوردوسری سورت ملانے کے بعدتکبیرتحریمہ کی طرح دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھاکرتکبیرکہے اورہاتھ باندھ کر آہستہ سے دعائے قنوت پڑھے۔
کتب احادیث میں سے مستدرک حاکم، شرح معانی الآثارللطحاوی میں یہ روایت موجود ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم وترکی تین رکعات ایک سلام کے ساتھ ادافرماتے تھے، اور سنن ترمذی،سنن نسائی اورسنن ابی داود کی روایات میں یہ بھی آتاہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وترکی پہلی رکعت میں سورہ اعلیٰ،دوسری رکعت میں سورہ کافرون اورتیسری رکعت میں سورہ اخلاص پڑھتے تھے۔(فتاویٰ عالمگیری، 1/111،کتاب الصلوۃ،الباب الثامن فی صلوۃ الوتر،ط:رشیدیہ)
لاٹری کاحکم
سوال: لاٹری بیچنے کے بارے میں کیا حکم ہے؟ جائز ہے یا نہیں؟
جواب:انعامی لاٹری کی خریدو فروخت جوئے پرمشتمل ہونے کی وجہ سے جائز نہیں ہے،جوپیسے انعامی لاٹری میں حاصل کیے ہوں، انہیں بھی ثواب کی نیت کے بغیرغریبوں اور محتاجوں میں صدقہ کردیناچاہیے۔
پریشانیوں اور مصیبتوں کے حل کاعمل
سوال:پریشانیوں اورمصیبتوں کے حل کے لیے کوئی عمل بتلائیں ،تاکہ پریشانیاں ختم ہوں۔
جواب:پریشانیوں اورمصائب کا اصل حل اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا ہے۔ نمازوں کا اہتمام کیاجائے،اپنے آپ کو گناہوں سے محفوظ رکھاجائے اورمندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں:
حَسْبِیَ اللّٰہُ لَا إِلٰہَ إِلاَّ ہُوَ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَہُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ۔
حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گئے۔(سنن ابی داؤد)
پینٹ فولڈ کرکے نماز پڑھنا
سوال:کیا پینٹ کو فولڈ کرکے نماز پڑھنا ٹھیک ہے یانہیں؟کیونکہ بہت سارے لوگ اس سے منع کرتے ہیں۔
جواب:شرعی طورپرمردکی شلوار یا پینٹ ٹخنوں سے اوپرہی رہنی چاہیے ، چاہے نمازکی حالت ہویانمازکے علاوہ ،ٹخنے چھپانادرست نہیں،حدیث شریف میں اس پر سخت وعید آئی ہے۔نمازکی حالت میں شلواریاپینٹ ٹخنوں سے نیچے ہویہ بدرجہ اولیٰ گناہ اور جرم ہے، نماز کی حالت میں ٹخنے چھپانے کی قباحت اور بڑھ جاتی ہے ،اس لئے نمازکے لئے شلوار کواورپینٹ کوفولڈکرنادرست ہے،فولڈکرنے کی کوئی بھی صورت ہو،البتہ نماز پڑھتے ہوئے دورانِ نماز کپڑوں کو مٹی آلود ہونے سے بچانا ،آستینیں چڑھانا مکروہ ہے ۔ حدیث شریف میں بھی دورانِ نمازا یسا کرنے کی ممانعت ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں