میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جعلی سوسائٹیز کے خلاف ملیر کی ضلعی انتظامیہ نے ڈنڈا اٹھا لیا

جعلی سوسائٹیز کے خلاف ملیر کی ضلعی انتظامیہ نے ڈنڈا اٹھا لیا

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۴ جون ۲۰۲۰

شیئر کریں

( رپورٹ: افضل بلوچ/ نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شکایتی سیل کی ہدایات اور متعدد عوامی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے ملیر کی ضلعی انتظامیہ نے ڈنڈا اُٹھا لیا اور اس سلسلے میں رینجرز، پولیس و ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو آئندہ چند روز میں بھرپور ایکشن کیلئے خط تحریر کرنے کے ساتھ ساتھ ان مبینہ جعلی سوسائٹیز کے سر کردہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کیلئے مربوط اور جامع ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ قابل اعتماد ذرائع اور جرأت کو مو صولہ دستاویزات کے مطابق بن قاسم ٹائون کے دیھہ جوریجی میں قطر ٹائون، حدید سٹی، اور حدید پارک سٹی کے خلاف 18 جون کو بھرپور کارروائی کیلئے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے بھاری مشینری طلب کر نے کے علاوہ، رینجرز اور پولیس کو بھاری نفری تعینات کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ بالا اداروں کو اسسٹنٹ کمشنر بن قاسم ٹائون منشاد شاہانی نے 12 جون کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کے ولی خان پٹھان، اشتیاق شاہ، قاری اشفاق، مبین جوکھیو و دیگر افراد نے دیھہ جوریجی کے نا کلاس نمبر 305، اسی دیھہ کے نا قبولی سروے نمبر 22 اور ناکلاس نمبر 503 میں ایم ڈی اے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے لے آئوٹ اور این او سی وغیرہ منظور کیے بغیر ان تینوں پراجیکٹس کیلئے معصوم اور سادہ لوح عوام سے کھلے عام بکنگ آفس تعمیر کرکے پلاٹوں کی بکنگ شروع کر رکھی ہے، جو کہ سراسر غیر قآنونی عمل ہے۔ ان مبینہ خلاف ضابطہ سوسائٹیز کے رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مجوزہ آپریشن کیلئے بھاری نفری، بلڈوزر، شاول و دیگر مشینری بھی طلب کر لی گئی ہے۔دریں اثناء جرأت میں گزشتہ روز خبریں چھپنے کے بعد ولی خان پٹھان نے دعویٰ کیا تھا کہ قطر ٹائون کیلئے انہوں نے فی الوقت کسی قسم کی کوئی بکنگ نہیں کی ہے اور اس قسم کے تمام دعوے قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں، جبکہ اشتیاق شاہ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حدید پارک سٹی اور حدید سٹی کے ریونیو کے معاملات خود ریونیو کے مشہور کلرک نے بھاری نذرانے کے عوض کا غذات سیدھے کر کے دیے تھے، جس کے بعد اس سوسا ئٹی کیلئے این او سی وغیرہ کیلئے ایس بی سی اے اور ایم ڈی اے میں پروسس جاری ہے۔ جبکہ مذکورہ کلرک کے قریبی ذرائع نے رابطہ کر نے پر جرأت کو بتایا کہ اگر ایسا ہوتا تومذکورہ کلرک قطر ٹائون کے معاملے میں مختیارکار بن قاسم ٹائون کو اصل حقائق سے آگاہ کر کے اس سوسائٹی کے دستاویزات کو ریونیو ریکارڈ میں انٹری کرنے کی مخالفت کیوں کرتے۔دریں اثناء روزنامہ جرأت کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ان سو سائیٹز کے حوالے سے گلشن حدید کے سرکردہ پراپرٹی بروکرز اور سیاسی و سماجی شخصیات سے بیک گرائونڈ انٹرویو بھی کیے، جن میں سے بیشتر نے تو اس با ت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دنوں کے برگر بھیجنے والے اور موٹر سائیکل پر بروکری اور ڈی سی ملیر کے آفس کے ارد گرد منڈلانے والے ریونیو کے دلالوں نے انہی سوسائٹیز کے طفیل پرتعیش گاڑیاں خرید کر گلشن حدید میں تین منزلہ عمارتیں بھی تعمیر کر ڈالیں ۔ اس سلسلے میں انہوں ان خود ساختہ سوسائٹیز کے خلاف ایکشن کے عمل کو سراہتے ہوئے جلد از جلد کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ واضع رہے کہ بن قاسم ٹائون میں خلاف ضابطہ ہائوسنگ سوسائٹیز اور ان کے ہاتھوں سادہ لوح عوام کے لٹنے کے حوالے سے جرأت نے بھرپور انداز میں مہم چلائی جس کے نتجے میں مذکورہ آپریشن پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں