لیاری میں جنریٹر مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن
شیئر کریں
کے الیکٹرک نے لیاری میں جنریٹر مافیا کے خلاف الیکٹرک انسپکٹر کراچی (ای آئی کے) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کامیاب کریک ڈاؤن کیا۔ ای آئی کے کی نگرانی میں لیاری کے مختلف مقامات سے غیر قانونی جنریٹرز پر چلنے والے 180 سے زائد خطرناک کنڈوں کا فوری خاتمہ کردیا گیا۔مدینہ مسجد اسٹریٹ، شاہ بھٹائی ہال اور ماشااللہ بک اسٹال کھڈا مارکیٹ، لیاری کے قریب 25 کے وی اے جنریٹر کی غیرقانونی تنصیب اوردیگر غیر قانونی طریقوں کے ذریعے 180 سے زیادہ رہائشی اور تجارتی عمارتوں کو بجلی فراہم کی جارہی تھی۔ علاقے کے مقامی لوگوں اور جنریٹر مافیا کی جانب سے کے ای ٹیموں کو جارحانہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ EIK کے عہدیداروں نے جنریٹروں کے مالکان کوباضابطہ انتباہی نوٹس جاری کیے اور ابتدائی رپورٹس بھی قلم بند کی گئیں، جبکہ ای آئی کے نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ آنے والے دنوں میں جنریٹر مافیا کے غیر محفوظ رویے کی حوصلہ شکنی کیلئے کے الیکٹرک کے تعاون سے مزید چھاپے متوقع ہیں۔ گزشتہ سال لائنز ایریا، جیکب لائن اور سلطان آباد میں اسی طرح کے چھا پوں کے دوران 300 سے زائد کنڈا کنکشن ختم کردیئے گئے تھے جو 45KVA اور 90KVA جنریٹرز کی غیرقانونی تنصیب کے ذریعہ چل رہے تھے۔ بلدیہ، جوہر، گلشن، کورنگی اور کراچی کے دیگر علاقوں سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد غیر قانونی کنڈوں کو ہٹا دیا گیا۔ شہر میں بجلی کی تقسیم کے نظام پر لگاے گئے خطرناک غیر قانونی تار یا غیر قانونی جنریٹر سسٹم سے لئے گئے کنڈے حادثا ت کا سبب بنتے ہیں۔ بارش اور مون سون کے موسم میں ان وجوحات کے باعث کرنٹ لگنے کے جان لیوا واقعات پیش آتے ہیں۔ بجلی کی فراہمی کے لئے جنریٹر مافیا کے الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر کے استعمال کا مجاز بھی نہیں اور اس سے عوام کی حفاظت کو شدید خطرات لاحق ہیں اور وہ سنگین حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ مزید واضح کیا گیا کہ کے الیکٹرک کے علاوہ لائسنس ایریا میں بجلی کی فراہمی نیپرا ایکٹ 1997، سیکشن 21 کی خلاف ورزی ہے اور اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔