سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، مرکزی کردار پٹہ سسٹم شہزاد آرائیں کو تحفظ دینے اینٹی کرپشن آگے آگیا
شیئر کریں
(وقائع نگار خصوصی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں پٹہ سسٹم کے مرکزی کردار شہزاد آرائیں کی کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے اینٹی کرپشن بھی آگے آگیا، چیئرمین اینٹی کرپشن نے شہزاد آرائیں مافیا کا حق ادا کرتے ہوئے شہزاد آرائیں اور اس کے کارندے ریاض جھاکرو کے خلاف اینٹی کرپشن میں درج تمام انکوائریاں فوری طورپر بند کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ پر الزام تھا کہ وہ پٹہ سسٹم کے افسران کو تحفظ فراہم کررہے ہیں جس کے عوض پٹہ سسٹم مافیا اینٹی کرپشن کو ماہانہ بھاری بھتہ دیتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں شہزاد آرائیں کی پٹہ سسٹم مافیا کو تحفظ دینے کیلئے چیئرمین اینٹی کرپشن میدان میں آگئے ہیں ذریعے کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر محمد علی بلوچ نے 13 اپریل 2023 کو لیٹر نمبر Dir /F-I/55/E&ACE/2023 ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو لکھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایس بی سی اے کے بلڈنگ انسپکٹر شہزاد آرائیں اور ریاض جھاکرو 11 اپریل 2023 کو اینٹی کرپشن میں اپنے مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے ایس بی سی ے کے مذکورہ افسران سے 2015 سے لے کر اب تک کے تمام اثاثے ظاہر کرنے کا کہا تھا جبکہ ان دنوں ملازمین سے 2015 سے لے کر 2023 تک ایکس پاکستان چھٹیوں کی تفصیلات ان کے پاسپورٹ اور ان کے ذاتی اور سیلری اکائونٹ کی 5 سال کی اسٹیٹمنٹ طلب کی تھی ذریعے کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے گریڈ 14 کے ملازم نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن محمد علی بلوچ کے لیٹر کو اہمیت نہ دیتے ہوئے اینٹی کرپشن کی انکوائری میں حاضر نہیں ہوئے ذریعے کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کی انکوائری پر حاضر نہ ہونے پر محکمہ اینٹی کرپشن کو گریڈ 14 کے ملازمین شہزاد آرائیں اور ریاض جھاکڑو کے خلاف ایکشن لینا چاہئے تھا لیکن اس کے برعکس چیئرمین اینٹی کرپشن انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے 13 اپریل 2023 کو ایک لیٹر نمبر Dir/F-I/55/E&CE/2023 جاری کیا جس میں درج کیا گیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے گریڈ 14 کے ملازمین شہزاد آرائیں اور ریاض جھاکڑو کے خلاف اینٹی کرپشن میں چلنے والی تمام انکوائریز فوری طورپر بند کردی گئی ہیں مذکورہ لیٹر پرسنل اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرانزک انویسٹی گیشن انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری کیا گیا۔ واضح رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن سندھ پر یہ الزام تھا کہ وہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی پٹہ سسٹم مافیا کو تحفظ فراہم کرنے کے عوض ان سے بھاری بھتہ وصول کررہی ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کے متعدد افسران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی پٹہ سسٹم مافیا کے افسران کے ساتھ مل کر غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہیں اینٹی کرپشن کی جانب سے پٹہ سسٹم میں ملوث افسران کے خلاف اچانک تمام انکوائریاں بند کرنے نے اینٹی کرپشن کی کارکردگی پر سوال کھڑے کردیئے ہیں۔