پاک کالونی ، معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق
شیئر کریں
شہر قائد کے علاقے پاک کالونی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار مصری خان ولیج افغان مسجد کے قریب فائرنگ سے 4افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا، اسپتال منتقلی کے دوان ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ایس ایچ او پاک کالونی مختار پہنور نے میڈیا کو بتایا کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ عباس رحمن کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 3 افراد عابد رحمن ، شیر اسد اور نعمان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ 2روز قبل بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود گئے تھے لیکن ان میں راضی نامہ کرا دیا تھا تاہم بدھ کی شام کو مسجد کے باہر دوبارہ کسی بات پر تکرا ہوگئی اور اس دوران ملزم مصطفی نے فائرنگ کی تھی جسے پولیس نے اسلحے سمیت گرفتار کرلیا جبکہ دونوں گروپ آپس میں رشتے دار اور ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں۔پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات بھی کر رہی ہے جبکہ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔