پیپلز پارٹی نے مردم شماری پر کثیر الجماعتی کانفرنس طلب کرلی
شیئر کریں
پیپلز پارٹی سندھ نے مردم شماری کے معاملے پر کثیر الجماعتی(ملٹی پارٹیز)کانفرنس طلب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کثیر الجماعتی کانفرنس پی پی پی سندھ کی میزبانی میں جمعے کے روز شام 4 بجے کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہوگی۔کانفرنس کی میزبانی پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کرینگے جبکہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی شرکت کرینگے۔ پی پی پی سندھ کے صدر کے ترجمان شکیل میمن کے مطابق پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مسلم لیگ ن کے شاہ محمد شاہ، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان، مسلم لیگ فنکشنل کے سید صدرالدین شاہ راشدی، اے این پی کے شاہی سید سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماں سے رابطے کرکے پیپلز پارٹی کی کثیر الجماعتی کانفرنس کے متعلق اعتماد میں لیا اور انہیں شرکت کی دعوت دی۔ ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی کیجانب سے سیاسی جماعتوں کے رہنماں کو کانفرنس کے دعوت نامے بھی بھیجے جائینگے۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کے پیپلز پارٹی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامراہ نے جے یوآئی رہنما راشد محمود سومرو، قومپرست رہنماں ڈاکٹر قادر مگسی، ایاز لطیف پلیجو، صنعان قریشی، سید جلال محمود شاہ، ریاض چانڈیو ،لال جروار سمیت دیگر رہنماوں سے رابطے کرکے انہیں شرکت کی دعوت دی ہے جبکے مردم شماری کے معاملے پر سول سوسائٹی ادیبوں اور رائٹرز کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔