سیاست میں آلو ٹماٹر کی قیمت کے لیے نہیں آیا، عمران خان
شیئر کریں
وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم آنیوالے دنوں میں حکومت گرنے کے بجائے 3 چوہے شکار ہوتے دیکھے گی،سیاست میں اس لیے نہیں آیا ٹماٹر کی کیا قیمت ہے، آلو کی کیا قیمت ہے؟ سیاست میں صرف پاکستانیوں کو ایک قوم بنانے کیلئے آیا،لیڈر کبھی کسی کے سامنے جھکتا نہیں ، یہاں کا وزیراعظم امریکی صدر کے سامنے بیٹھے’’کانپیں ٹانگ ‘‘رہی ہوتی ہیں،یورپی یونین پر ٹھیک تنقید کی تھی۔اتوار کو یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے شاندار جلسے کے انعقاد پر کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حافظ آباد میں ایک سال کے دوران وہ کام ہو رہے ہیں جو70 سال میں نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے وہ کام کیے ہیں جو 70 سالوں کے دوران نہیں ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان بنانیکا مقصد پتہ نہیں تو ایک قوم نہیں بن سکتے، جب تک قوم برائی کے خلاف کھڑی نہ ہو تو برائی بڑھ جائے گی، ظلم کیخلاف کھڑے نہیں ہوں گے ظلم بڑھ جائیگا۔انہوں نے کہا کہ 25 سال سے اپنی قوم میں تبلیغ کررہا ہوں، عظیم قوم بننا ہے تو اچھائی کا ساتھ دینا ہے، میں سیاست میں اس لیے نہیں آیا کہ ٹماٹر کی کیا قیمت ہے، آلو کی کیا قیمت ہے؟ میں سیاست میں صرف پاکستانیوں کو ایک قوم بنانے کیلئے آیا۔عمران خان نے کہاکہ مغرب میں جمہوریت کے اندر کسی کی جرات نہیں ہے کہ وہ کسی کا ضمیر خریدے، نامور اور کرپٹ لوگ سب کھڑے کھڑے ہوگئے ہیں اور ریاست گرانے کیلئے لوگوں کا ضمیر خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے،کوئی پیسے کے زور پر حکومت گرانے کی کوشش کرے تو قوم مقابلہ کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ لیڈر کبھی کسی کے سامنے جھکتا نہیں ہے، یہاں کا وزیراعظم امریکی صدر کے سامنے بیٹھے، کانپیں ٹانگ رہی ہوتی ہیں، ہاتھ میں پرچی ہوتی ہے، کہیں منہ سے کچھ غلط نہ نکل جائے۔عمران خان نے ایک بار پھر یورپی یونین پر تنقید کی اور کہا کہ یورپی سفیروں نے خط لکھا روس کی مذمت کریں، یہ سفارتی آداب کے خلاف ہے کہ سفیر کھلا خط لکھیں، میں نے یورپی سفیروں پر صحیح تنقید کی اور میں نے پوچھا بھارت کو اس طرح خط لکھنے کی جرات ہے؟ ۔وزیراعظم نے کہاکہ میں نے یورپی یونین پر ٹھیک تنقید کی تھی، یورپی یونین پر تنقید کی تو فضل الرحمان نے کہا عمران خان نے بڑاظلم کردیا، باہر سے کوئی گورا آتا ہے تو شہباز شریف تو جلدی جلدی ٹائی سوٹ پہن لیتا ہے، شہباز شریف کہتا ہے انگریزوں پر تنقید کرکے ظلم کردیا۔اس پر انہوں نے طنز کیا کہ کانپیں ٹانگ رہیں، بلاول کہتا ہے عمران نے پاکستان پر ظلم کردیا لیکن میں ان سب سے بہتر مغرب کو جانتا ہوں، جو ان کے جوتے پالش کرتے ہیں وہ حقارت سے دیکھتے ہیں، جو اپنے قوم کیلئے کھڑے ہوتے ہیں، مغرب ان کی عزت کرتا ہے۔ڈرون حملوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہاکہ جس ملک کیلئے جنگ لڑ رہے تھے، اس نے سال 2008 سے 2018 تک 400 ڈرون حملے کیے، آصف زرداری اور نوازشریف نے ایک دفعہ بھی ڈرون حملے کی مذمت نہیں کی۔