سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، حیدرآباد میں تعمیرات کے فیصلے ڈپلومہ ہولڈر افسران کے سپرد
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد، شہر میں تعمیرات کی منظوری و منسوخی ڈپلومہ ہولڈر افسران کے حوالے، نان ٹیکنیکل ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شہر کے انفراسٹرکچر کا بیڑہ غرق کردیا، عرس ڈاوچ سمیت 5 سے زائد افسران کئے عہدوں پر موجود، عدالتی احکامات کے باوجود ڈپلومہ ہولڈر افسران نہ ہٹائے جا سکے، تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد میں گزشتہ کئی سالوں سے چند افسران کا راج قائم ہے، شہر بھر میں تعمیرات کی منظوری و منسوخی ڈپلومہ ہولڈر افسران کے حوالے ہونے کے باعث شہر کے انفراسٹرکچر کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے، حیرت انگیز طور عدالتی احکامات کے باوجود ڈپلومہ ہولڈر افسران کو ہٹانے کی بجائے متعدد عہدے نواز دیے گئے ہیں، دستیاب معلومات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر قاسم آباد، تحصیل دیہی، دادو اور مٹیاری کی چارج رکھنے والے عرس ڈاوچ سول میں ڈپلومہ رکھتے ہیں لیکن اسے ہٹانے کے بجائے 3 مزید چارجز سے نواز دیا گیا ہے جبکہ وہ گزشتہ 10 سے سال سے ڈپٹی ڈائریکٹر قاسم آباد تعینات ہیں، اسی طرح ڈپلومہ ہولڈر افسر مقصود ڈپٹی ڈائریکٹر ڈینجرس اینڈ ہیریٹیج بلڈنگ، مقبول احمد ڈپٹی ڈائریکٹر لطیف آباد، جامشورو، ٹھٹھہ اور سجاول جبکہ افضال احمد ڈپٹی ڈائریکٹر سٹی، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمدخان اور بدین تعینات ہیں، حیرت انگیز طور پر کچھ عرصہ قبل غیرقانونی تعمیرات کے الزامات میں معطل ہونے والے افضال احمد کو نہ صرف بحال کیا گیا لیکن اسے سٹی کے ساتھ مزید تین اضلاع کا ڈپٹی ڈائریکٹر بھی بنا دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد پر مذکورہ افسران کئی سالوں سے تعینات ہیں اور من پسند عہدوں پر مقرر ہوتے ہیں۔