صائمہ ڈاؤن ٹاؤن پروجیکٹ تین سال بعد بھی نامکمل
شیئر کریں
صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ، صائمہ ڈاؤن ٹاؤن پروجیکٹ تین سال کے بعد بھی نامکمل، بلڈرز نے مزید تین سال کی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے این او سی لے لی، این او سی قواعد و ضوابط کے خلاف جاری ہونے کا انکشاف، ڈپٹی ڈائریکٹر قاسم آباد عرس ڈاوچ موقف دینے سے گریزاں، تفصیلات کے مطابق صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کا پروجیکٹ صائمہ ڈاؤن ٹاؤن تین سال بعد بھی مکمل نہ ہو سکا ، تین سال قبل صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے حیدرآباد بائی پاس پر صائمہ ڈاؤن ٹاؤن نامی اسکیم لانچ کی تھی جس کی تکمیل کی میعاد تین سال تھی، تین سال گزرنے کے باوجود مذکورہ اسکیم نامکمل ہے ، اسکیم نامکمل ہونے کے بعد بلڈر نے اسکیم کی تکمیل کی میعاد میں مزید تین سال کا اضافہ کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے مزید تین سال کی این او سی لے لی ہے ، ذرائع کے مطابق مذکورہ اسکیم کی میعاد بڑھانے کی این او سی میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے ، قواعد کے مطابق کسی بھی اسکیم کے مکمل نہ ہونے پر مزید این او سی لینے کیلئے 60 فیصد ڈیفالٹر الاٹیز کی فہرست و دیگر چیزیں جمع کروانی ہوتی ہیں، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ صائمہ ڈاؤن ٹاؤن میں ڈیولپمنٹ چارجز کی مد میں بھی اضافی رقم دینے کی مطالبات کیے جا رہے ہیں، دوسری جانب روزنامہ جرأت کی جانب سے صائمہ ڈاؤن ٹاؤن کی این او سی کی میعاد کو قواعد و ضوابط کے خلاف بڑھانے سمیت دیگر معاملات پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے قاسم آباد عرس ڈاوچ سے موقف لینے کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے موقف نہیں دیا، عرس ڈاوچ نے صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے معاملات پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور مفاد ِ عامہ سے جڑے معاملات پر کوئی بھی معلومات دینے سے گریزاں ہے ۔ واضح رہے کہ صائمہ بلڈرز کا مشہور زمانہ نام سلیم ذکی مرحوم کی کاوشوں سے مقبول ہوا تھا، مگر اُن کے انتقال کے بعد یہ نام نہایت تیزی سے اپنی مقبولیت کھورہا ہے اور آئے روز اس نام سے جڑی اسکیموں میں مختلف تنازعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ جس میں قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں سے لے کر مختلف قانون شکنیوں کے نہ ختم ہونے والے سلسلے شامل ہیں۔