میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسلام آباد، راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث دیوار یں گر گئیں، 13 افراد جاں بحق

اسلام آباد، راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث دیوار یں گر گئیں، 13 افراد جاں بحق

جرات ڈیسک
بدھ, ۱۹ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں مون سون کی پہلی بارش نے تباہی مچادی، دیوار گرنے کے واقعات میں بچی سمیت 13 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث کے تھانہ نون کے علاقے میں پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب ایک دیوار گرگئی جس کے نتیجے میںگیارہ مزدور دب کر زندگی کی بازی ہار گئے تاہم ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انڈسٹریل ایریا خان زیب نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے مشین کی مدد سے 12 افراد کی لاشیں نکالی ہیں، ملبے کے نیچے سے 6 زخمیوں کو بھی زندہ حالت میں نکال لیا گیا ، انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوع پر پہنچا دیا گیا، مزید افراد کی تلاش کے لیے مشین کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق بارش کا پانی دیوار کے دونوں جانب جمع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے دیوار گری۔چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد و نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سمیت دیگر عہدیداران موقع پر پہنچے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے جی ٹی روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر جاری تھی۔بیان کے مطابق انڈر پاس کی تعمیر کی وجہ سے مزدوروں نے اپنا ٹینٹ نصب کیا ہوا تھا، بارش کے باعث دیوار مزدوروں کے ٹینٹ کے اوپر گرنے کی وجہ سے مزدوروں کے جاں بحق ہونے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے ترجمان ڈاکٹر مبشر ڈاہا نے بتایا کہ پمز میں 12 مزدوروں کی لاشیں لائی گئی ہیں، مرنے والوں کی عمریں 19 سے 36 سال کے درمیان ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دیوار گرنے کے باعث پمز میں 6 زخمی افراد بھی لائے گئے ہیں، زخمی ہونے والے افراد خطرے سے باہر ہیں، زخمی ہونے والوں میں سے ایک مزدور کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر مبشر ڈاہا نے بتایا کہ پمز انتظامیہ جڑواں شہروں میں شدید بارش کے بعد مکمل الرٹ ہے، پمز کا عملہ کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔دریں اثناء بارش کے باعث ایم ون موٹر وے پر برہان کے قریب تین بسیں آپس میں ٹکرا گئیں ،بسوں کے ٹکرانے کے ساتھ ایک کار بھی بس سے جا ٹکرائی ۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں گیارہ افراد معمولی زخمی ہوئے ۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے میں کوئی شدید زخمی یا جاںبحق نہیں ہوا ۔دریں اثناء مون سون الرٹ نے انتظامیہ کا پول کھول دیا پہلی بارش نے عوام کو پریشان کر دیا،نالہ لئی میں طغیانی اور تجاوزات کی وجہ سے تمام نشیبی علاقے ڈوب گئے جبکہ پیر ودھائی کا علاقہ اعوان کالونی مہر کالونی نالہ لئی سے ملحقہ علاقہ پانی میں ڈوب گیا۔شدید بارش سے نالہ لئی میں طغیانی لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہوگیا ،گلی محلے کوڑے کرکٹ سے بھر گئے گندا پانی گھروں میں داخل کروڑوں کا نقصان پہنچا۔ادھرنالہ لئی کے مقام پر پاک فوج کے مزید دستوں کو تعینات کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق واسا راولپنڈی اور ریسکیو راولپنڈی کی مزید امدادی ٹیمیں بھی گوالمنڈی کے مقام پر پہنچی ،سول ڈیفنس اور ہلال احمر پاکستان کے ورکرز بھی نالہ لئی کے مقام پر پہنچے ،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ جاری رہی ،نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونے لگی تاہم قریبی آبادیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ۔ مزید بارشوں کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے وارننگ دی کہ شہری نالہ لئی کے اطراف جانے سے پرہیز کریں۔دریں اثناء وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام اباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش کی وجہ گولڑہ موڑ، پشاور روڈ پر 13 افرد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعظم نے موحومین کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا ۔وزیر اعظم نے بارش کے سبب انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی ۔ اپنے بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد دیور گرنے سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انسانی جانوں کا نقصان افسوسناک ہے ۔بلاول بھٹو زرداری نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ اپنے تعزیتی بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گولڑہ موڑ قائد اعظم ہسپتال کے قریب مزدوروں پر بارش کی وجہ سے دیوار گرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے حادثے کے نتیجے میں 13 قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کی اہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ اسپیکر نے کہاکہ حادثے میں جان بحق افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے متعلقہ حکام کو حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے حادثے میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا  کی۔ وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے گولڑہ موڑپشاور روڈ پر بارش کی وجہ سے دیوار گرنے کے حادثے میں 13 افرد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت کرے اور درجات بلند فرمائے، وزیر داخلہ نے لواحقین سے تعزیت اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر داخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو زخمیوں کو تمام تر امداد فراہم کرنے اور بارشوں کے دوران ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں