سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نجی اسپتالوں میں کورونا ویکسی نیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (ایس ایچ سی سی)نے نجی اسپتالوں کو کہا کہ کورونا ویکسی نیشن سینٹر کے قیام کیلئے اپنے اداروں کے نام کمیشن میں جلد رجسٹرڈ کروائیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ سی سی نے پرائیویٹ اسپتالوں کو لیٹر کے ذریعے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اسپتالوں کو جلد از جلد کمیشن میں رجسٹرڈ کروائیں تاکہ ان میں ویکسی نیشن سینٹر قائم کئے جائیں۔ ایس ایچ سی سی اس حوالے سے انتظامات مکمل کرلئے ہیں اگر کسی اسپتال نے بغیر رجسٹریشن سینٹر قائم کیا تو کمیشن کے قانون کے مطابق جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ کلینیکل گورننس اینڈ ٹریننگ کے تحت جنرل پریکٹیشنر ز اور حکیموں کیلئے حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ تربیتی نشست میں 42 حکیموں کو طب یونانی کم از کم معیارات کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی جبکہ 46فیزیشنز کو سندھ سروسز ڈیلوری اسٹینڈرڈز کے حوالے سے تربیت دی گئی۔ آخر میں شرکا میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ دوسری طرف انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر یاسین ویسر نے سیشن جج بدین کے لیٹر کی روشنی میں نیشنل جوڈیشل (پالیسی میکنگ)کمیٹی کی کرمینل جسٹس کوآرڈینیشن کمیٹی میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں کلینکس کو غیر قانونی طور پر کھولنے کے معاملات پر غور کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین نے ڈائریکٹر انسداد اتائیت اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو حکم دیا کہ وہ پولیس کے ساتھ مل کر ان قانون شکن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ ڈائریکٹوریٹ کے تحت سندھ میں اب تک 4501اتائیوں کے کلینکس سیل کئے جاچکے ہیں۔ انسداد شکایات ڈائریکٹوریٹ کو اب تک اسپتالوں سے متعلق 164شکایات وصول ہوچکی ہیں جن میں سے 124کو کامیابی سے حل کیا جاچکا ہے، 32مختلف مراحل میں ہیں اور آٹھ قانونی طریقے سے حل کی جارہی ہیں۔