بحریہ ٹاؤن ،بھیڑیا ٹاؤن بن گیا احتجاج کرنے والے رہائشی یرغمال
شیئر کریں
رپورٹ :شعیب مختار )بحریہ ٹاؤن نے بھیڑیا ٹاؤن کا روپ دھار لیا ملک ریاض کی ناقص پالیسیوں کیخلاف احتجاج کرنے والے رہائشی یرغمال بن گئے انتظامیہ نے گھروں کے باہر گہری خندق کھود کر علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا پانی اور بجلی کی لائنیں بھی منقطع کر دی گئیں متاثرین کی حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کی اپیل .تفصیلات کے مطابق رواں سال جنوری کے اوائل سے بحریہ ٹاؤن کراچی کی جانب سے پانی کی مد میں شہریوں سے بل وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں من مان اضافے سمیت غیر ضروری ٹیکس کی وصولیاں بھی بڑھا دی گئی ہیں اس ضمن میں بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کی جانب سے گزشتہ ماہ انتظامیہ سے فیصلے پر نظرثانی کرنے سے متعلق متعدد مرتبہ احتجاج بھی ریکارڈ کروائے گئے ہیں جس کے بعد بھی بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی نرمی کا مظاہرہ نہیں کیا جا سکا ہے .البتہ حالیہ دنوں ناجائز ٹیکس کی وصولی پر احتجاج ریکارڈ کروانے والے رہائشیوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں زور و شور سے جاری ہیں اس سلسلے میں بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کی جانب سیاحتجاج کرنے والے متحرک رہائشیوں کی بجلی اور پانی کی لائنیں منقطع کر دی گئی ہیں جبکہ انکی آمد و رفت روکنے اور گھروں میں محصور رکھنے سے متعلق انکے گھروں اور آفس کے باہر گہری خندق کھودنے کے بعد سیکورٹی کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ ان کی جانب سے پانی کی لائنیں اور منقطع بجلی بحال کرنے سے متعلق کسی قسم کے اقدامات نہ اٹھائیں جا سکیں. ان تمام تر امور پر روزنامہ جرآت سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ رہائشی کا کہنا تھا کہ ہم پر امن ماحول میں تمام تر معاملے کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں لیکن بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ ہمارے ساتھ کسی بھی قسم کی گفتگو کے بجائے اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے ہمارے گھروں کے باہر خندق کھودی گئی ہے ہم ناجائز ٹیکس وصولیوں کیخلاف گزشتہ کئی روز سے احتجاج کر رہے ہیں ہمارا انتظامیہ سے یہی مطالبہ ہے کہ بحریہ ٹاؤن جو ماہانہ بنیادوں پر پانی کے بل وصول کر رہا ہے وہ شہر قائد میں واٹر بورڈ کی جانب سے مقرر کیے گئے نرخوں کے مطابق وصول کیے جائیں بحریہ ٹاؤن کراچی میں بجلی کے فی یونٹ کی قیمت بھی بحریہ ٹاؤن اسلام آباد اور لاہور کے مد مقابل کی جائے اور غیرضروری ٹیکس فوری واپس لیے جائیں ہم نے سندھ ہائیکورٹ میں بھی اس ظلم و بربریت کیخلاف درخواست دائر کی ہے خدارا ہمیں انصاف فراہم کیا جائے.