میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی سمیت سندھ میں ڈاکٹرز کی پھر ہڑتال، او پی ڈیز، آپریشن تھیٹر بند

کراچی سمیت سندھ میں ڈاکٹرز کی پھر ہڑتال، او پی ڈیز، آپریشن تھیٹر بند

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۴ فروری ۲۰۱۹

شیئر کریں

سندھ حکومت وعدہ وفا نہ کرسکی، صوبے بھر میں ینگ ڈاکٹرز نے ایک بار پھر ہڑتال کر دی، تمام سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند کردیے گئے۔

ینگ ڈاکٹرز تنخواہوں اور الائونسز میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں،محکمہ صحت سندھ کی جانب سے مطالبات ماننے کا اعلان کر کے ہڑتال تو ختم کرا دی گئی تھی تا ہم اب تک نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے تمام او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند کر دیے جبکہ مریضوں کے پیش نظر سرکاری اسپتالوں کے شعبہ حادثات بند کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے۔

شہرقائد کے سب سے بڑے جناح اسپتال، سول، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی، لیاری اور جنرل اسپتالوں کی او پی ڈیز اور او ٹیز بند کردی گئیں، ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔ینگ ڈاکٹرزکے مطابق سندھ حکومت کی لولی پاپ اب نہیں چلے گی، اب تک نوٹیفکیشن جاری نہ کر کے حکومت نے مذاق کیا ہے۔

ادھر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور دیگر ڈاکٹرز فورمز پر مشتمل سندھ ڈاکٹرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے صوبے بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی او پی ڈی اور آپریشن تھیٹرز کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

تمام سرکاری اسپتالوں سمیت سول اسپتال کی بھی او پی ڈی اور آپریشن تھیٹرز کو بند کر دیا گیا۔ڈاکٹرز نے او پی ڈی اور آپریشن تھیٹرز میں کام چھوڑ دیا،جس کے باعث مریض شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، دوسری طرف پی ایم اے سندھ، اسپیشل ڈاکٹرز فورمز اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے سول ہسپتال کی او پی ڈی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

سندھ ڈاکٹرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے مطالبہ کیاکہ سندھ کے ڈاکٹرز کی تنخواہیں اور الائونسز دوسرے صوبوں کے برابر کی جائیں، ڈاکٹرز کی ترقیوں کا کوئی سسٹم تشکیل دیا جائے۔صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن ڈاکٹر عمر سلطان نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کرنے کے باوجود مراعات کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

انہوں نے واضح کیاکہ جب تک مراعات کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو جاتا ہماری ہڑتال جاری رہے گی۔دوسری جانب صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز کو ان کی توقعات سے زیادہ مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ینگ ڈاکٹرز کی مراعات کی سمری منظور کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹرز کی جانب سے صوبائی حکومت پر زیادہ دبائو ڈالا گیا تو مراعات میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے اجرا میں مزید تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں