میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
190ملین پائونڈریفرنس،عمران خان ، بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلہ تیسری بار موخر

190ملین پائونڈریفرنس،عمران خان ، بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلہ تیسری بار موخر

ویب ڈیسک
منگل, ۱۴ جنوری ۲۰۲۵

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا۔یوں 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر کیا گیا ہے ، احتساب عدالت نے فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا، احتساب عدالت نے فیصلہ سنانے کیلئے پہلے 23؍دسمبر اور اس کے بعد 6 ؍جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی پھر تیسری بار 13 ؍جنوری کی تاریخ دی تھی۔ جس پر بھی فیصلہ نہیں سنایا جا سکا۔ احتساب عدالت کے فیصلہ سنائے جانے سے قبل ہی اس پر شکوک اُٹھنے لگے ہیں کیونکہ حکومت وزراء نے فیصلے سے قبل ہی یہ کہہ دیا ہے کہ اس میں عمران خان کو سزا سنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کہا ہے کہ کیس کا فیصلہ تیار اور دستخط شدہ میرے پاس ہے۔اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈز کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ملزمان بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور عدالت نے آج تیسری مرتبہ فیصلہ موخرکردیا ہے۔ سماعت سے قبل احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچے جب کہ نیب پراسیکیوٹر چوہدری نذر، نیب لیگل ٹیم کے ممبران عرفان احمد،سہیل عارف اور اویس ارشد، احتساب عدالت اسلام آباد کا عملہ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ اور دیگر بھی جیل پہنچے تھے۔اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمی خان بھی عدالت پہنچیں، ان کے علاوہ دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی اڈیالہ جیل پہنچے تھے تاہم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ موخر کردیا ،جو اب 17؍جنوری کو سنایا جائے گا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریمارکس دیے کہ میں صبح ساڑھے 8 بجے آیا تھا۔ 6جنوری کو ٹریننگ پر تھا فیصلہ نہیں سنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج فیصلہ تیار اور دستحط شدہ میرے پاس ہے۔جج نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 2مرتبہ پیغام بھجوایا لیکن وہ عدالت نہیں آئے۔ بشری بی بی بھی عدالت نہیں آئیں۔ میں ٹھیک ساڑھے 8 بجے جیل آگیا تھا۔ اب ساڑھے 10 ہوچکے ہیں، ملزمان اور ان کے وکلا موجود نہیں۔ فیصلہ موخر کررہے ہیں، جو اب 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔بعد ازاں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اڈیالہ جیل پہنچیں تاہم وہ اندر جائے بغیر باہر ہی سے واپس روانہ ہو گئیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں