ہم آئی ایم ایف کی شرائط میں جکڑے ہوئے ہیں ،شہباز شریف
شیئر کریں
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم آئی ایم ایف کی شرائط میں جکڑے ہوئے ہیں ،ابھی 9واںریو یو مکمل نہیں ہوا ،ان کی شرط ہے کہ بجلی کی قیمتیں بڑھائیں ،فلاں قیمتیں بڑھائیں ، ہم پر مزید کتنا بوجھ ڈالیں ،انتہائی ہچکچاہٹ کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے 2ارب ڈالر قرض کو رول اوور اور مزید ایک ارب ڈالر قرض کی بات کی لیکن انہوںنے انکار نہیں کیا ، پاکستان کے ایک ہاتھ میں ایٹم بم اوردوسرے ہاتھ میں کشکول باعث شرمندگی ہے ،متحدہ عرب امارات اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے ، سعودی عرب نے بھی 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا کہا ہے ،اگر 75سال میں پاکستان کی بس برق رفتاری سے سیدھے راستے پر چل رہی ہوتی ،75 سال سے پاکستان کے تمام ادارے مل کر درست سمت میںجا رہے ہوتے تو آج ہم قرض سے چھٹکارا حاصل کرچکے ہوتے اور قائداعظم کے الگ وطن حاصل کرنے کے وژن کی تکمیل کرچکے ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان ایڈ منسٹریٹرسروسز کے پروبیشنری آفیسرز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پاس آئوٹ ہونے والے افسران میں اسناد بھی تقسیم کیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بھر سے چمکتے ستارے جن کے ہاتھ میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے ان کو تعلیمی، سماجی خدمات پر یہاں اعزازی اسناد دی گئیں۔ پوری قوم کو انہیں تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے جس طرح ہر شعبہ میں انہوں نے خدمات سرانجام دی ہیں یہ قابل تعریف ہیں۔