افغانستان ،دارالحکومت کابل میں کار بم دھماکا، 7 افراد ہلاک
شیئر کریں
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 7 ہی زخمی ہو گئے ۔ترجمان افغان وزارتِ داخلہ نصرت رحیمی کے مطابق دھماکا صبح سویرے کابل کے علاقے قصبہ میں وزارتِ داخلہ کی عمارت کے قریب ہوا۔دھماکے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچاہے ، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ دھماکے کا ہدف کیا تھا یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا ، جبکہ دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ۔ گزشتہ روز امریکی فضائیہ نے افغانستان کے ضلع لوگر میں پل نامی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں غلطی سے افغان فوج کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنا دیا جس کے نتیجے میں افغان نیشنل آرمی کے 4 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگجووں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران امریکی فضائیہ نے بھی بھرپور حصہ لیا اور اسی دوران غلطی سے طالبان کی کمین گاہ سمجھ کر افغان فوج کی چیک پوسٹ پر بمباری کر دی جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ۔واضح رہے کہ اسی ضلع میں 2 روز قبل امریکی فوج کی ایک گاڑی کو باردوی سرنگ کے دھماکے میں اڑا دیا گیا تھا جس میں ایک مقامی ڈرائیور ہلاک ہوا تھا، دھماکے بعد امریکی فضائیہ نے اس علاقے میں فضائی کارروائی کی تھی۔