نوری آباد بس آتش زدگی، 18میتیں سرد خانے سے آبائی علاقے روانہ
شیئر کریں
موٹر وے ایم نائن پر نوری آباد کے قریب کراچی سے ناتھن شاہ جانے والی کوچ میں آگ لگنے کے واقعے میں جاں بحق 18 افراد کی میتیں سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے سے آبائی علاقے روانہ کر دی گئیں۔ اندرونِ سندھ سے آئے ہوئے متاثرینِ سیلاب کی کراچی سے خیر پور ناتھن شاہ جانے والی کوچ کو ایم نائن پر نوری آباد میں آگ لگنے کا المناک سانحہ پیش آیا۔ آگ لگنے کے واقعہ میں 18 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جن میں 8 بچے اور 9 خواتین شامل ہیں، جبکہ حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد کراچی میں منگھو پیر بند مراد کے علاقے سے اپنے آبائی گاؤں جا رہے تھے۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں سہولتیں نہ ہونے کے سبب سہراب گوٹھ پر واقع ایدھی سرد خانے منتقل کی گئیں۔ جاں بحق افراد کے رشتے دار مظفر مغیری نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق افراد میں والد کے کزن کی فیملی ہے، تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔