حکومت کا اپوزیشن کوجلسوں کی اجازت دینے کا فیصلہ
شیئر کریں
وفاقی حکومت نے اپوزیشن ملک بھر میں جہاں جلسے کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ڈی ایم کو جلسوں کے این او سی جاری کیے جائیں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پرامن احتجاج اور جلسے کرنا اپوزیشن کا حق ہے، احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،پوزیشن کی تحریک عوام کی نہیں بلکہ سیاسی ایلیٹ کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہے، اپوزیشن حکومت پر دباو ڈال کر کرپشن کیسز سے چھٹکارا چاہتی ہے، عوام کو سیاستدانوں کی کرپشن بچاو تحریک میں کوئی دلچسپی نہیں۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی امور پر حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء اور معاونین خصوصی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور ہوا اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پر مشاورت کی گئی،حکومتی پولیٹیکل کمیٹی نے صورتحال سے متعلق تجاویز پیش کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں اور ریلیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی اور اپوزیشن ملک بھر میں جہاں جلسے کرے اجازت ہوگی، پی ڈی ایم کو جلسوں کے این او سی جاری کیے جائیں گے، تاہم اپوزیشن کو جلسوں میں کورونا ایس او پیز کا پابند بنایا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پرامن احتجاج اور جلسے کرنا اپوزیشن کا حق ہے، لیکن احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کی تحریک عوام کی نہیں بلکہ سیاسی ایلیٹ کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہے، اپوزیشن حکومت پر دباو ڈال کر کرپشن کیسز سے چھٹکارا چاہتی ہے، عوام کو سیاستدانوں کی کرپشن بچاو تحریک میں کوئی دلچسپی نہیں۔