آرمی چیف سے امریکی وفد کی ملاقات، مجھے کسی کو مسلمان ہونے کا ثبوت دینے کی ضرورت نہیں، ترجمان پاک فوج
شیئر کریں
راولپنڈی/ کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک/ خبر ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تمام تر رکاوٹوں کے باوجود خطے کے امن کے لیے بہت کچھ کیا جبکہ پاکستانی عوام کے عزم کے مطابق امن کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے امریکی صدر کی نائب معاون لیزا کرٹس کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں ایلس جی ویلس اور امریکی سفیرڈیوڈ ہیل بھی شامل تھے، جبکہ امریکی وفد نے جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی پر بریفنگ دی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکورٹی صورتحال اور پاک افغان تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور آرمی چیف نے امریکی وفد کو خطے کی سیکورٹی سے متعلق پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود پاکستان نے خطے کے امن کے لیے بہت کچھ کیا، جبکہ پاکستانی عوام کے عزم کے مطابق امن کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مجھے کسی کو ثبوت نہیں دینا کہ میں مسلمان ہوں، کیونکہ یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے، جبکہ مسلمان ہونے کے لیے نعرہ لگانے کی ضرورت نہیں عمل سے ثابت کریں۔بنیاد پرستی کی مختلف اقسام ہوتی ہیں، میں بھی بنیاد پرست ہوں، مغربی ممالک اور بھارتی بھی بنیاد پرست ہیں، لیکن ہر بنیاد پرست دہشت گرد نہیں اور ہر دہشت گرد بنیاد پسند نہیں ہوتا۔ہم نے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے مکمل کیا، ہم نے مرحلہ وار اپنے علاقوں سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا اور آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہ موجودنہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہارجمعرا ت کو جامعہ کراچی میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ جامعہ کراچی آیا ہوں، انہوںنے کہا کہ سب سے پہلے ہم بنیاد پرستی کے موضوع پر بات کریں گے، بنیاد پرستی کی مختلف اقسام ہوتی ہیں، میں بھی بنیاد پرست ہوں، مغرب ممالک اور بھارتی بھی بنیاد پرست ہیں، لیکن ہر بنیاد پرست دہشت گرد نہیں اور ہر دہشت گرد بنیاد پسند نہیں ہوتا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میں چاہوں گا کہ سب دنیا کو میری نظر سے دیکھیں تو میں بنیاد پرست نہیں انتہا پسند کہلاؤں گا، جب میں دوسروں کو اپنے نظریات ماننے پر مجبور کروں تو تشدد پسند یا دہشت گرد کہلاؤں گا۔ پاکستان اللہ کا تخلیق کردہ سب سے خوبصورت ملک ہے، جغرافیائی لحاظ سے بھی پاکستان کی اہمیت سب سے زیادہ ہے، کسی بھی ملک کو تباہ کرنے کے لیے اس کی سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہم نے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے مکمل کیا، ہم نے مرحلہ وار اپنے علاقوں سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا اور آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہ موجود نہیں ہے۔