پاک فوج کی کارروائی، افغانستان سے اغواء 5مغربی شہری بازیاب
شیئر کریں
راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاک فوج نے 2012 ء میں افغانستان سے یرغمال بنائے گئے پانچ مغربی شہریوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے بازیاب کرا لیا ہے۔ یرغمال بنائے گئے پانچ افراد میں ایک کینیڈین شہری اس کی امریکی بیوی اور تین بچے شامل تھے ۔ سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کر کے انہیں بازیاب کرایا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ افراد کو 2012 ء کے دوران افغانستان سے پکڑ کر یرغمال بنا لیا گیا تھا ۔ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیاں ان کی تلاش میں مصروف تھیں اور انہوں نے 11 اکتوبر کو ان کی کرم ایجنسی سرحد کے راستے پاکستان منتقلی سے متعلق معلومات فراہم کیں ۔ امریکی حکام کی جانب سے فراہم کردہ قابل عمل انٹیلی جنس کی بنیاد پرپاکستانی فورسز کی کارروائی کامیاب رہی، تمام یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا ہے اور انہیں اپنے ملک بھجوایا جارہا ہے۔بیان کے مطابق یہ کامیابی بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ کی اہمیت اجاگر کرتی ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کے ذریعے اس مشترکہ دشمن کیخلاف کارروائی کے لیے پر عزم ہے ۔