آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں
شیئر کریں
مفتی غلام مصطفیٰ رفیق
محمد احمد نام درست ہے
سوال:سوال یہ ہے کہ کیا بچے کانام محمد احمد رکھنا درست ہے؟
جواب:جی ہاں ! محمد احمد نام رکھ سکتے ہیں۔
انشورنس کی مروجہ اقسام کا حکم
سوال:انشورنس کے بارے میں کیا حکم ہے،آج کل مختلف انشورنس ہیں جیسے ہیلتھ انشورنس ،میرج انشورنس ،ایجوکیشن انشورنس وغیرہ آیا ان میں حصہ لیناجائز ہے یانہیں؟
جواب:انشورنس کی مروجہ تمام اقسام سود اور جوئے پر مشتمل ہونے کی بناء پر ناجائزہیں،لہذا ان میں سے کسی بھی پالیسی میں شامل ہوناجائزنہیں۔
برے اثرات سے محفوظ رہنے کا عمل
سوال:مجھے لگتاہے کہ ہمارے گھر پر کسی نے کچھ عمل کروادیاہے،ہم اپنے گھر میں پہلے کی بہ نسبت فرق محسوس کررہے ہیں ایسی صورت میں ہمیں کیا کرناچاہیے؟
جواب:نمازوں کا اہتمام کریں اور صبح شام چاروں قل (سورۂ کافرون،سورۂ اخلاص،سورۂ فلق اورسورۂ ناس) کے پڑھنے کا اہتمام
فرمائیں،ان شاء اللہ اثرات خود ختم ہوجائیں گے۔سورۂ فلق اور سورۂ ناس سے متعلق مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ لکھتے ہیں:’’حافظ ابن قیمؒ نے ان دونوں سورتوں کی تفسیر یکجا لکھی ہے ، اس میں فرمایاہے کہ ان دونوں سورتوں کے منافع اور برکات اورسب لوگوں کو ان کی حاجت اور ضرورت ایسی ہے کہ کوئی انسان ان سے مستغنی نہیں ہوسکتا،ان دونوں سورتوں کو سحر اور نظر بد اور تمام آفات جسمانی اور روحانی کے دور کرنے میں تاثیر عظیم ہے ، اور حقیقت کو سمجھاجائے تو انسان کو اس کی ضرورت اپنے سانس اور کھانے پینے اور لباس سب چیزوں سے زیادہ ہے‘‘۔ (معارف القرآن ،8/845،ط:مکتبہ معارف القرآن)
تشہد میں درود شریف کے
بعد مسنون دعائیں پڑھنا
سوال:کیا نماز میں تشہد کی حالت میں درود شریف کے بعد ’’رب اجعلنی‘‘کے علاوہ دیگر دعائیں پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟
جواب:مذکورہ دعا کے علاوہ دیگر قرآنی یا مسنون دعائیں پڑھ سکتے ہیں۔
قسم کا کفارہ
سوال:اگر کوئی آدمی کسی کام کے نہ کرنے کی قسم کھائے ا ور پھر قسم توڑدے تواسے کیا کفارہ دیناہوگا؟
جواب:قسم کا کفارہ یہ ہے کہ دس مسکینوں کو دونوں وقت کاکھاناکھلادے ،یا دس مسکینوں کو کپڑے دیدے یعنی ہر ایک کو ایک ایک جوڑا،اور اگر اس کی استطاعت نہ ہوتوتین دن لگاتار روزے رکھے۔