میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عدلیہ کاوقار مجروح کرنے کی کوششوں کانوٹس لیاجائے

عدلیہ کاوقار مجروح کرنے کی کوششوں کانوٹس لیاجائے

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۳ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز راولپنڈی ریلوے ا سٹیشن پر عوام ایکسپریس کی نئے کوچز کا افتتاح کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اپنے سابق آقا اورپارٹی سربراہ نواز شریف کے اس موقف کی گردان کرتے ہوئے کہا جب منتخب وزیر اعظم کو تضحیک اور تذلیل کر کے نکالیں گے تو سیاسی عدم استحکام پیدا ہوگا اور سرمایہ کاری رک جائے گی۔انھوں نے ریلوے کانظام بہتر بنانے کے حوالے سے اپنے سابقہ دعووں کی کامیابی کادعویٰ کرتے ہوئییہ موقف اختیار کیا کہ انھوں نے نجکاری کے بغیر ریلوے کے نظام کو بہتر بنایا ہے۔ ریلوے کی زمینوں پر قبضے چھڑائے ہیں مگر اس کے ساتھ اپنی بے بسی اور بے بضاعتی کا یہ کہہ کر اظہار کردیا کہ بڑے قابض عدالتی ا سٹے آردڑ کے پیچھے چھپے ہیں۔ انہوں نے کہا عدلیہ منتخب وزیر اعظم کو تنخواہ نہ لینے پرتو نا اہل کرتی ہے لیکن اب ان لوگوں سے بھی باز پرس کی جائے جو رائل پام پر قبضہ کئے ہوئے ہیں۔
عام طورپر یہ خیال کیاجارہاتھا کہ بعض چھوٹی جماعتوں کے ابن الوقت ارکان سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ساتھ ساز باز کے ذریعہ نااہل قرار دئے گئے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو اپنی جماعت کا دوبارہ صدر بننے کے بعد قرار آجائے گا اور وہ ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کی گردان ترک کر کے مستقبل کی طرف دیکھیں گے اور اپنے کارکنوں کو مثبت رہنمائی فراہم کریں گے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انھیں یہ یقین نہیں آرہا ہے کہ ان کے پیروں کے نیچے سے زمین کھسک چکی ہے ، اور اب وہ نہ صرف خود بلکہ اپنی پارٹی کے دیگر ارکان اور وزرا کے ذریعے پاکستان کی اعلیٰ ترین عدلیہ کو بدنام کرنے اور پاکستان کے عوام کو یہ باور کرانے کی ناکام کوشش میں لگے ہوئے ہیں انھیں نااہل قرار دئے جانے کافیصلہ درست نہیں تھا،پارٹی کے صدارتی انتخاب کے لیے بلائے گئے پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس اور بعد میں کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بھی انھوں پارٹی کے کارکنوں اور رہنمائوں کے سامنے یہی سوال دہرایاتھا کہ کسی کی سمجھ میں آئے تو بتائے کہ مجھے کیوں نکالا گیا ہے۔ اب انہیںیہ کون بتائے کہ عدالت عظمیٰ نے میاں صاحب کی نظرثانی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کے وکیل کو بتا دیا تھا کہ اگر آپ چاہتے ہیں تو ہم سارا کچا چٹھا کھولے دیتے ہیں لیکن اس پر خاموشی طاری ہو گئی تھی۔ماہرین قانون کا خیال ہے کہ عدالت نے پاناما کے بجائے اقامہ کی بنیاد پر جو فیصلہ دیا ہے اس کا مقصد وزارت عظمیٰ کے منصب کو تحقیر سے بچانا تھا ورنہ میاں صاحب پاناما کیس میں عدالت عظمیٰ اور اس کی مقرر کردہ تفتیشی ٹیم کو منی لانڈرنگ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب بھی اطمینان بخش نہیں دے پائے تھے ان کی پوری فیملی کے بیانات میں تضاد تھا جو دستاویزات جے آئی ٹی میں جمع کرائی گئیں ان میں جعلسازی کی گئی تھی۔
اسحق ڈار نے پرویز مشرف کے زمانے میں میاں نواز شریف کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے جو حلفیہ بیان دیا تھا، اگر عدالت اسے ہی تسلیم کر لیتی تو میاں صاحب کو رسوائی سے کوئی نہیں بچا سکتا تھا لیکن عدالت نے تمام سنگین الزامات سے صرفِ نظر کرتے ہوئے نسبتاً ایک ہلکے الزام کو بنیاد بنا کر فیصلہ سنا دیا اب میاں صاحب اس فیصلے پر تلملا رہے ہیں وہ برملا کہہ رہے ہیں کہ انہیں بہت غصہ ہے اگر وہ غصے کا اظہار نہیں کریں گے تو یہ منافقت ہو گی۔اس سے یہ ظاہرہوتا ہے کہ عدالت نے میاں صاحب کے ساتھ بہت رعایت کی ہے اور مسلسل رعایت کرتی چلی آرہی ہے ان کی تمام تر شرانگیز تقریروں کے باوجود انہیں توہین عدالت کے جرم میں نہیں پکڑا گیا۔ احتساب عدالت میں مطلوب ہونے کے باوجود ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ڈالا گیا اور وہ آرام سے لندن چلے گئے وہ وزیراعظم نہ ہونے کے باوجود عملاً وزیراعظم بنے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی انہیں اپنا وزیراعظم تسلیم کرتے ہیں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق انہیں اپنا وزیراعظم قرار دیتے ہیں۔ موجودہ کابینہ کے تمام وزراکو بھی میاں صاحب کو اپنا وزیراعظم ماننے میں کوئی عار نہیں ہے۔ وہ بے شک وزیراعظم ہاؤس میں نہیں ہیں لیکن وہاں ان ہی کا حکم چل رہا ہے، تقرریاں اور تبادلے ان کی مرضی سے ہو رہے ہیں۔
نیب کے چیئرمین چوہدری قمر الزمان ریٹائر ہو گئے ہیں وہ بھی میاں صاحب کا انتخاب تھے اس کا صلہ انہوں نے یہ دیا کہ نیب میں شریف فیملی کے خلاف تمام مقدمات دبائے رکھے اور بعض کو کھڈے لائن لگا دیا۔ حدیبیہ پیپر ملز کیس ہمارے سامنے ہے۔ سنا ہے اب ’’دباؤ‘‘ کے سبب اس کیس کے کھاتے دوبارہ کھولے جارہے ہیں اور میاں نواز شریف کے خلاف برسوں پرانا پلاٹ کیس بھی کھول دیا گیا ہے۔ عمران خان نے اس خدشے کے پیش نظر کہ کہیں چیئرمین نیب کے تقرر کے معاملے میں حکومت اور اپوزیشن لیڈر میں ’’مک مکا‘‘ نہ ہو جائے، اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن میاں صاحب اور زرداری دونوں نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔ تاہم یہ امر باعث اطمینان ہے کہ چیئرمین نیب کے عہدے پر ایک ریٹائرڈ جج کے تقررپر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
اس وقت حقیقت یہ ہے کہ میاں نواز شریف ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کی گردان بھی کر رہے ہیں اور نکالے جانے کے باوجود سیاسی چالیں بھی غضب کی چل رہے ہیں وہ بیک وقت حکومت میں بھی ہیں اور اپوزیشن میں بھی۔ وہ ریاستی اداروں کو للکار رہے ہیں، عدلیہ اور اس کے فیصلوں کو مسترد کر رہے ہیں۔ فوج کو سقوط ڈھاکہ کا حوالہ دے کر خبردار کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے ساتھیوں کے ذریعے پارلیمنٹ کے اندر قانون سازی میں بھی مصروف ہیں یہ انتخابی بل اس کی واضح مثال ہے جس میں ایک نااہل شخص کو سیاسی پارٹی کا صدر بنانے کے علاوہ عقیدہ ختم نبوت کے حلف نامے پر بھی ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن بری طرح ناکام رہی اور ارکان پارلیمنٹ نے قوم کے پرجوش تعاون سے ناپاک سازش ناکام بنا دی۔
اب اس سازش کی خواہ کتنی ہی تاویلیں کی جائیں یہ حقیقت ہے کہ حلف نامے کی تبدیلی ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا اور میاں صاحب پچھلے دنوں احمدیوں یعنی قادیانیوں کو اپنے بھائی قرار دے چکے تھے ان کی یہ ویڈیو اب بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے اسی اخوتِ باہمی کو فروغ دینے کے لیے عقیدہ ختم نبوت ﷺکے حلف نامے میں تحریف کی جسارت کی گئی تھی۔ میاں صاحب کے بھائی نے مطالبہ کیا کہ جس وزیر نے یہ حرکت کی ہے اسے کابینہ سے نکال دیا جائے لیکن یہ وزیر اب بھی کابینہ میں موجود ہے اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی یہ ہمت نہیں کہ وہ اسے نکال دیں وجہ اس کی یہ ہے کہ وہ میاں صاحب چہیتوں میں شامل ہے۔ میاں صاحب نے اپنے چہیتے وزیر کو بچانے اور معاملے کو دبانے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ جو ’’مٹی پاؤ‘‘ کے اصول پر معاملہ ختم کردے گی۔ یہ سیاسی چال نہیں تو اور کیا ہے۔ یہ بات بھی اخبارات میں آچکی ہے کہ میاں صاحب نے عدالت سے نااہل ہونے کے بعد اپنی پہلی لندن یاترا میں بدنام بھارتی ایجنٹ اور پاکستانی فوج و عدلیہ کے دشمن الطاف حسین سے اپنے بیٹے کے گھر پر ملاقات کی تھی اس ملاقات کے بعد الطاف حسین نے ان کے حق میں بیان جاری کیا تھا۔اگر یہ سب کچھ کرنے کے باوجود میاں نواز شریف پوچھتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا تو اس پر پوری قوم حیران ہونے کے سوا ا ور کیا کر سکتی ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ سپریم کورٹ کو نواز شریف اور ان کی پارٹی کے دیگر رہنمائوں یہاں تک کہ خود وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بار بار یہ اعلان کہ وہ نواز شریف کی ہدایت پر ہی سب کچھ کررہے ہیں نوٹس لینا چاہئے اور عوام کی نظروں میں عدلیہ کو نیچادکھانے کی کوششوں کوروکنے کے لیے ان کوششوں میں مصروف رہنمائوں کو توہین عدالت کے متعلقہ قوانین کے مطابق قرار واقع سزا دینی چاہئے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں