پی آئی اے سے گھوسٹ ملازمین کا صفایاکرنے کی تیاری
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) قومی ایئر لائن سے جعلی ڈگریوں پر ملازمت حاصل کرنے والوں کے خاتمے کا فیصلہ کر لیا گیا وفاقی حکومت نے پی آئی اے کے 8ہزار اضافی ملازمین کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے انہیں رضاکارانہ بنیادوں پر نوکری سے علیحدہ کرنے کی حکمت عملی مرتب کرلی آئندہ چند روز میں اسٹیل ملز کی طرز تمام تر ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک آفر کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے قومی ایئر لائن کی تنظیم نو کے لیے پی آئی اے میں سیا سی بھرتیوں پر تعینات ہزاروں ملازمین سے جان چھڑانے کے لیے انہیں رضا کارانہ طور پر ملازمت چھوڑنے پر مراعات دینے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت مذکورہ پیشکش پہلے مرحلے میں محکمانہ تحقیقات کا سامنا کرنے والے ملازمین کو دی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں مشکوک ڈگریوں کے حامل ملازمین کو فوری طور پر رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم لینے کی آفر دی جائے گی۔اس ضمن میں حکومت کی جانب سے سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کو پی آئی اے کی تنظیم نو اور اضافی ملازمین سے جان چھڑانے کے لیے مراعاتی اسکیم ایک ماہ میں تیار کرنے کی ہدایات دی گئیں ہیں جس پرحالیہ دنوں تیزی سے کام جاری ہے آئندہ چند روز میں مذکورہ اسکیم تیار ہوتے ہی کابینہ میں پیش کی جائے گی جس کے بعد پی آئی اے سے گھوسٹ ملازمین کا صفایا کیا جائے گا۔