میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک کا 76 واں یوم آزادی آج شایان شان طور پرمنایا جائے گا

ملک کا 76 واں یوم آزادی آج شایان شان طور پرمنایا جائے گا

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۳ اگست ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاکستان کا 76واں یوم آزادی آج (پیر) 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا،دن کا آغازمساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی، یکجہتی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوگا ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائیگی۔ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم شخصیات شرکت کریں گی ۔ جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ۔سرکاری شخصیات ،پاک افواج کے افسران اور عوام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ۔ ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈر زپر جشن آزادی کے سلسلہ میں خصوصی پریڈ ہو گی جس میں ملک بھر سے عوام شرکت کریں گے ۔دوسری جانب جشن آزادی کی مناسبت سے گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ۔ اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ۔ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے ۔تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے سائونڈ سسٹم بھی لگا دئیے ہیں۔جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔جبکہ جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںںپرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیاگیا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات کے مقامات پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں