افغان سفیر کی بیٹی کا تین زبانوں میں انٹرویو ہمارے خلاف میڈیا وار کا حصہ ہے،شیخ رشید
شیئر کریں
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کا تین زبانوں میں انٹرویو ہمارے خلاف میڈیا وار کا حصہ ہے ، افغان سفیر کی بیٹی اغواء نہیں ہوئی ، ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں،کسی کو گلہ نہیں ہونا چاہئے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اپوزیشن کو قبول نہیں تو آئندہ انتخابات کے بعد بھی ان کے بیانات یہی ہوں گے۔ جمعرات کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں نئے ورڈز کا افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہمارے پاس مکمل ثبوت موجود ہیں کہ افغان سفیر کی بیٹی اغواء نہیں ہوئی ، پھر کسی کو گلہ نہیں ہونا چاہئے ،ہم نے افغان وفد کو مکمل طور پر مطمئن کر کے بھیجا ہے ، وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کہ افغانستان کے مسائل پر مذاکرات کے حامی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کورونا اور این سی او سی ایجنڈے کے تحت پاک افغان بارڈر بند ہے ، کوئی افغان مہاجر وہاں سے یہاں نہیں آرہا ، افغان مہاجر ترکی اور دیگر ممالک کا رخ کر رہے ہیں ، الیکشن وقت پر ہوں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اپوزیشن کو قبول نہیں تو آئندہ انتخابات کے بعد بھی ان کے بیانات یہی ہوں گے ،تاجروں کو یقین دلاتا ہوں کورونا کی وجہ سے چھٹی جمعہ ہفتہ کر دیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ آج ہم نے 20 نئے وینٹی لیٹرز این سی او سی فراہم کئے ہیں کیونکہ اس وقت کوروناوائرس کی چوتھی لہر کی وجہ سے راولپنڈی میں کورونا وائرس بڑھ رہا ہے اوراب یہاں85 وینٹی لیٹر ہو چکے ہیں جبکہ15 وینٹی لیٹرز ہمیں اور ملیں گے۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں دوسرے بڑے ہسپتال کا کام دسمبر تک شروع کر دیا جائے گے،انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے تاجروں اور دکانداروں سے کہوں گا کہ وہ محرم الحرام کی وجہ سے تعاون کریں۔