میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارت میں ٹماٹروں کی حفاظت کے لیے محافظ تعینات

بھارت میں ٹماٹروں کی حفاظت کے لیے محافظ تعینات

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۳ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

رشی ملہوترا
٭نئی دہلی میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 445 فیصد اضافے کے بعد 200 روپے ہے جو کہ سال کے آغاز میں 22 روپے تھی درجنوں شہروں میں قیمتوں میں اضافہ پر مظاہرے کیے گئے
٭میکڈونلڈز نے شمالی اور مشرقی بھارت میں اپنے بیشتر آؤٹ لیٹس پر کھانے کی تیاری میں ٹماٹر کا استعمال بند کر دیا ہے۔ اس کی وجہ ٹماٹر کی قیمتوں میں ہونے والا پانچ گنا اضافہ بتایاگیا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھارت بھر میں ٹماٹروں کی کم تر پیداوار کے نتیجہ میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت دو سو روپیہ تک جا پہنچی ہے۔ شدید بارشوں کے نتیجہ میں ٹماٹروں اور ہرا دھنیا سمیت ہری پات والی سبزیوں کی پیداوار صرف دس فیصد تک گر چکی ہے جس کے نتیجہ میں ٹماٹر کی بالخصوص قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں۔ ٹماٹر کی قیمت میں 445 فیصد اضافے نے عوام کے ہوش اڑا دیے ہیں۔رپورٹس کے مطابق بھارت میں ٹماٹر کی قیمتیں خراب موسم کی وجہ سے بڑھ رہی ہیں جس کا پیٹرول سمیت دیگر ضروری اجزاء کی قیمتوں سے موازنہ کیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور گزشتہ ماہ معمول سے زیادہ گرم درجہ حرارت نے ٹماٹر کی پیداوار کو متاثر کیا جس کی وجہ سے اس سال قیمتوں میں 5 گنا اضافہ ہوا۔رپورٹس کے مطابق بھارت میں ٹماٹر عام طور پر جون اور جولائی کے مہینوں میں مہنگے ہو جاتے ہیں لیکن اس سال ان کی قیمت کچھ زیادہ ہی بڑھ گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 200 روپے ہے جو کہ سال کے آغاز میں 22 روپے تھی جبکہ پیٹرول کی قیمت 96 روپے فی لیٹرہے۔درجنوں شہروں میں یوتھ کانگریس سمیت کسان برادری اور تھوک فروشوں کی جانب سے ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ پر مظاہرے منعقد کیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹماٹروں کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے احتجاج کی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔یاد رہے کہ بھارت میں کارگزار میکڈونلڈز نے شمالی اور مشرقی بھارت میں اپنے بیشتر آؤٹ لیٹس پر کھانے کی تیاری میں ٹماٹر کا استعمال بند کر دیا ہے۔ اس کی وجہ ٹماٹر کی قیمتوں میں ہونے والا پانچ گنا اضافہ بتایاگیا ہے کیونکہ خراب موسمی حالات کی بنا پر فصل کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا
کے مطابق، عالمی فاسٹ فوڈ چین نے کہا ہے کہ ٹماٹر کا استعمال بند کر دینے کی وجوہات میں معیاری مصنوعات کی عدم دستیابی اور قیمت میں تیزی سے اضافہ شامل ہیں۔بھارتی گھریلو اشیاء کی قیمتوں میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ مون سون میں تاخیر، موسلادھار بارشوں، اور معمول سے زیادہ گرم درجہ حرارت نے ملک میں فصلوں کو متاثر کیا ہے۔بھارت میں میں ٹماٹر کی مانگ اور اس کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر کافی بحث ہو رہی ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گذشتہ دنوں ایک خبر کے مطابق انڈیا کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے معروف شہر وارانسی میں ایک دکاندار نے اپنے ٹماٹر کی حفاظت کے لیے باؤنسر رکھ لیے ہیں۔انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق ورانسی کے ایک سبزی فروش اجے فوجی نے اپنی دکان کے ساتھ دو باوردی باؤنسر رکھے ہیں۔ کرناٹک کے شپر بنگلورو میں ٹماٹروں سے لدا پک اپ ٹرک بدمعاش لے اڑے، ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جبکہ کئی شہروں میں ٹماٹر وں کی نقل و حمل سمیت دکان پر موجود ٹماٹروں کی حفاظت کیلئے گارڈز مقرر کردیے گئے ہیں۔ دہلی میں کام کرنے والے ایک مقامی دکان دار کا کہنا تھا کہ میں کئی دنوں سے ٹماٹر کی قیمت پر لوگوں کے جھگڑنے کی بات سن رہا ہوں۔ میری دکان پر بھی لوگوں نے مول تول اور جھگڑنے کی کوشش کی۔ مستقل تول مول سے تنگ آ کر میں نے اپنے ٹھیلے کے سامنے دو باوردی باؤنسر رکھنے کا فیصلہ کر لیا تاکہ اس بحث سے جان چھوٹے۔ منگلورو نیوز کی جانب سے پیش کی جانیوالی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنوبی ریاست کرناٹک میں ایک کسان نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ ان کے تین لاکھ روپے کی مالیت کے ٹماٹر رات میں چوری ہو گئے۔ یہ واقعہ ہاسن کے ہلیبیڈو قصبے کا ہے جہاں ٹماٹروں کی چوری اور ڈکیتی کی کئی وارداتیں رونما ہوئی ہیں۔ ادھر سرکاری نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز نے شمالی انڈیا کے اپنے چند ریستوراں میں ٹماٹروں کے مہنگے ہونے اور کمی کے سبب اس کی فراہمی روک دی ہے۔ اور ان کے برگرز میں اب ٹماٹر نہیں ہیں۔رپورٹ کے مطابق میکڈونلڈز انڈیا-شمال مشرق کے ترجمان نے بتایا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ہمارے صارفین کو وہ بہترین معیار ملے جس کے لیے ہم جانے جاتے ہیں، ہم فی الحال برگرز میں ٹماٹر دینے سے قاصر ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ معیاری ٹماٹروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے انھوں نے ایسا فیصلہ کیا ہے۔ بہت سے سوشل میڈیا صارفین بغیر ٹماٹر والے برگر کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔خبر رساں ادارے اے این آئی نے دہلی میں ایک میکڈونلڈ آؤٹ لیٹ سے نکلنے والی ایک خاتون شالنی گپتا سے جب اس کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ میکڈونلڈز والوں نے معیار کی بات کی ہے لیکن اچھے ٹماٹر مل رہے ہیں۔ میرے خیال سے وہ اس لیے ٹماٹر کا استعمال نہیں کر رہے ہیں کیونکہ ٹماٹر کی قیمت آسمان چھو رہی ہے اور اس کی وجہ سے ان کی لاگت زیادہ ہو جائے گی اور میک ڈونلڈز اپنے نفع میں کوئی کمی نہیں چاہتی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے کانگریس نے کئی جگہ ٹماٹر اور سبزیوں کی قیمت میں اضافے کے خلاف مظاہرہ کیا ہے اور کسان برادری کی جانب سے بھی ہریانہ، دہلی، بہار، شمالی مشرقی اور جنوبی ریاستوں میں درجنوں مقامات پر ٹماٹر کی قیمتوں کو لیکر مظاہرے ہوئے ہیں۔
بھارتی ریاستوں میں ٹماٹروں کی قیمتوں کے حوالہ سے حکام بھی تگ و دو کررہے ہیں اور منڈی کو جانے اور منڈی سے خوردہ فروشوں تک ٹماٹر اور ہری پات پہنچانے والی گاڑیوں کی حفاظت کیلئے مسلح محافظ تعینات کیے جارہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں