میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
طالبان نے دو امریکی ہیلی کاپٹربھی مارگرائے

طالبان نے دو امریکی ہیلی کاپٹربھی مارگرائے

ویب ڈیسک
منگل, ۱۳ جولائی ۲۰۲۱

شیئر کریں

افغان طالبان کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے قندوز ایئر پورٹ پر جنگی حکمت عملی کے تحت دو امریکی ہیلی کاپٹر (Sikorsky UH-60 Black Hawk) تباہ کر دیئے ہیں، یہ دو امریکی ہیلی کاپٹر افغان فضائیہ کے استعمال میں تھے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اس حملوں کے دوران افغان فضائیہ کو متعدد ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹر پر ڈرون ویڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ہیلی کاپٹرز کو آگ لگی ہوئی ہے۔دوسری طرف افغان طالبان نے واضح انداز میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جعلی بیانات، ویڈیو اور خطرات سے متعلق خطوط پر دھیان نہ دیا جائے ، یہ جعلی مواد جنگ زدہ ملک کے مختلف حصوں میں پھیلایا جا رہا ہے، ان مواد کا ہمارے سے کوئی تعلق نہیں۔اْدھر قطرکے دارالحکومت میں دوحہ میں افغان طالبان کے سیاسی ترجمان محمد نعیم نے بھی ٹویٹر پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہمارے دشمنوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر ہمارے خلاف تمام پروپیگنڈوں کا مقصد خوف اور اضطراب پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ذلت آمیز شکستوں کا سامنا کرنے کے باعث ہزاروں فوجی افغان فوج کو چھوڑ کر مجاہدین کا ساتھ دینے کے لیے آرہے ہیں۔ 200 سے زائد ضلعوں پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے ہمارے خلاف ہمارا دشمن بے بنیاد پروپیگنڈا اور من گھڑت سازشیں کر رہا ہے۔مزید برآں افغانستان میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہو رہے ہیں، طالبان نے اہم شہروں پر حملے تیز کر دیئے، جنگجو گروہ نے اہم شہر غزنی کا محاصرہ کرلیا۔ ملک کے دوسرے بڑے شہر قندھار پر بھی شدید حملے جاری ہیں۔افغان فوج کا کہناہے کہ طالبان لوگوں کے گھروں میں گھس کر افغان فورسز پر فائرنگ کررہے ہیں۔ افغان حکومت نے قندھار کو طالبان کے قبضے سے خالی کرانے کے لئے ا سپیشل فورسز کے مزید دستے بھیج دیئے۔ ہلمند میں بم دھماکے میں تین افراد ہلاک ہوگئے ،ادھر طالبان کی پیش قدمی جاری ہے صوبے غور کے دو اضلاع تائیوارا اور پسابند طالبان کے قبضے میں چلے گئے ہیں، افغان فورسزنے تاجکستان کے ساتھ متصل افغان صوبے تخار کے دارالحکومت تالقان پر افغان طالبان کے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی۔ افغان وزارت دفاع کیمطابق 24گھنٹوں میں مختلف صوبوں میں افغان فورسز کے آپریشن میں 271طالبان جاں بحق ہوئے ہیں۔افغان میڈیاکے مطابق کم از کم 10 شہروں کے نواح میں طالبان ،افغان فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے، 10 شہروں میں پل خمری، تالقان، قلعہ نو، شبرغان، میدان شہر، غزنی، قندھار، لشکرگاہ شامل ہیں۔ترجمان تخار پولیس کمانڈ نے بتایا کہ افغان طالبان نے ہفتے کی رات 4 اطراف سے تالقان پرحملہ کیا، افغان فورسز نے فضائی حملوں کی مدد سے تالقان پر افغان طالبان کاحملہ پسپا کردیا۔مختلف علاقوں میں افغان طالبان کو سیکیورٹی فورسز اور لوگوں کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، گورنر تخار کا کہناہے تالقان میں طالبان کوبھاری نقصان ہوا ہے،سیکیورٹی فورسز کے حملے میں 55افغان طالبان جنگجو ہلاک، 90زخمی ہوئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں