سندھ کے تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ سندھ بھر کے تمام پولیس اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے شولڈر کیمرے بھی منگوالیے ہیں۔یہ بات انہوں ںے سینٹرل پولیس آفس میں قائم اپنے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سندھ پولیس کے گریڈ 21 کے افسر غلام نبی میمن نے کہا کہ آئی جی بننے کے بعد ان کی ترجیحات میں پولیس کلچر کو بہتر بنانا بھی شامل ہے، اس سلسلے میں سب سے پہلے سندھ بھر کے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل سے اس کا آغاز ہوگیا ہے اور بیشتر تھانوں میں تنصیب کا عمل مکمل ہوچکا، ایک تھانے میں کم سے کم چار کیمرے لگائے جارہے ہیں جن میں مرکزی دروازہ ، ڈیوٹی افسر کا کمرہ ، تھانے کا لاک اپ اور کوریڈور شامل ہیں۔آئی جی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کو عموماً یہ شکایت رہتی ہے کہ ان کے ساتھ تھانے میں پولیس کی جانب سے درست رویہ اختیار نہیں کیا جاتا، کیمروں کی تنصیب کے بعد اس شکایت پر مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا، تھانے کا کلچر ٹھیک کرنے سے ہی پولیس اور عام شہریوں کے درمیان دوریوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔آئی جی سندھ نے اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے کیے گئے سوال پر کہا کہ شہر بھر میں اسٹریٹ کرائم رپورٹ ہورہا ہے اور پولیس کی بھرپور کوشش ہے کہ اسٹریٹ کرائم کا گراف نیچے آئے، اس سلسلے میں مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں، پولیس کا گشت بڑھادیا گیا ہے جبکہ عدالتوں سے ضمانت پر رہائی پانے والوں پر بھی خصوصی نگاہ رکھی جارہی ہے، ملزمان کی ضمانت لینے والوں کو بھی قانون کے شکنجے میں جکڑا جارہا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی میگا سٹی اور اوور پاپولیٹڈ شہر ہے لیکن اس کے باوجود ہم اپنے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے بہتر سے بہتر پرفارمنس کی کوشش کرتے ہیں، شہر بھر میں سیف سٹی پروجیکٹ پر کام جاری ہے جبکہ اس سے قبل کمیونٹی پولیسنگ کے تحت شہریوں اور خصوصی طور پر تاجر برادری کے ذریعے اب تک چالیس ہزار سے زائد کیمرے لگوائے جاچکے ہیں۔