چینی 70 روپے فی کلو فروخت کرنے کیلئے تیار ہیں، شوگر ملز ایسوسی ایشن
شیئر کریں
شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے چینی 70 روپے فی کلو فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں، حکومت عوام کو 70 روپے فی کلو چینی فروخت کرنے کے اقدامات کرے۔خط میں کہا گیا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے چینی کمیشن کی رپورٹ کو عدالت میں چیلنج کیا گیا، ہماری درخواست پر عدالت نے ایک عبوری حکم جاری کیا۔خط میں بتایا گیا کہ ملک کی سالانہ چینی کی کھپت 52 لاکھ ٹن کے قریب ہے جو 2 ہفتوں کے لیے 2 لاکھ ٹن بنتی ہے، بنائی جانے والی چینی میں نان کمرشل صارفین کا حصہ 30 فیصد ہے جوکہ 60 ہزار ٹن بنتا ہے۔خط میں بیان کیا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے عام صارفین کے لیے چینی 70 روپے فی کلو فراہمی کا حکم دیا گیا جس کی ہم پاسداری کر رہے ہیں، حکومت سے درخواست ہے کہ 60 ہزار ٹن چینی 70 روپے فی کلو پر اٹھانے اور اسے عوام تک پہنچانے کے اقدامات کرے۔شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اپنے خط میں لکھا کہ شوگر ملز چینی کی اس قیمت پر رضاکارانہ طور پر فراہمی یقینی بنا رہی ہے لہذا چینی کی پیداواری لاگت کو دیکھتے ہوئے یہ قیمت مستقل طور پر قابل عمل نہیں ہے۔