سندھ بلڈنگ، غیر قانونی تعمیرات کا سرپرست سسٹم ، عدالتی احکامات میں رکاوٹ
شیئر کریں
شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے ، ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی اپنی محکمہ جاتی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ۔ دوسری طرف سسٹم کے کارندے ڈی جی کے نام پر خطیر رقم وصول کرکے غیرقانونی تعمیرات میں ملوث مافیا کو گارنٹی دے رہے ہیں ، ذرائع کے مطابق بیٹر طارق عزیز نے اس طریقے سے اپنا دھندا چمکا لیا ہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد کھوکھر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد خان سسٹم مافیا کے مہرے بن کر اپنے اختیارات کا ناجائزاستعمال کررہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ کراچی کے دیگر علاقوں کی طرح ناظم آباد نمبر 1 بلاک ای پلاٹ نمبر 2/3 ،12/2،8/10،ایف 6/5کے رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، ان تمام غیر قانونی امور میں عدالتی احکامات کو کسی صورت تسلیم نہیں کیاجارہا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر بلدیات سعید غنی نے عوام کو غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے رقم خرچ نہ کرنے کا کہا تھا اور یقین دلایا تھا کہ یہ کھیل ختم کر دیا جائے گا۔ مگر بیٹر طارق عزیز کا پورا سسٹم اس کے برخلاف تاحال متحرک ہے۔ بیٹر طارق عزیز سسٹم کے اندر ایک ایسے مافیا کا حصہ ہے جو غیر قانونی تعمیرات کے تحفظ کے ساتھ مختلف قسم کے ناجائز دھندوں کے تحفظ کے لیے ایک ڈمی اخبار بھی شائع کرتا ہے۔ بیٹر طارق ایک طویل مجرمانہ ریکارڈ بھی رکھتا ہے جس کی تفصیلات عنقریب یہاں شائع کر دی جائے گی۔ اس حوالے سے بیٹر طارق اپنا کوئی بھی موقف دینا چاہے تو وہ شامل اشاعت کر دیا جائے گا۔