لاک ڈائون سے ہرطبقہ اورکاروبارمتاثر،درزیوں کادھندابھی ٹھنڈا
شیئر کریں
کورونا وائرس کی وباء اورلاک ڈائون سے زندگی کا ہرطبقہ اورکاروبار متاثر ہوگیاہے۔کرونا وائرس لاک ڈائون کی وجہ سے ماہ رمضان المبارک میں وقت کی قلت کے پیش نظر عیدالفطر کیلئے نوجوان روایتی خریداری نہ کرسکے،جن افراد کی استطاعت تھی انہوں نے تیار شدہ ملبوسات خرید لئے ۔دوسری جانب لاک ڈائون نے درزیوں کے کام کو متاثر کیا اور ایک اندازے کے مطابق گزشتہ سال کی طرح رواں سال عید کے موقع پر بھی درزیوں کا سیزن 60سے 70فیصدمتاثر ہوا ہے۔درزیوں نے لاک ڈائون کے دوران اپنے کسٹمرز سے جو آرڈرز لئے تھے وہ لاک ڈائون کی وجہ سے دکانیں بند ہونے کی وجہ سے اپنے کسٹمرز کو کپڑوں کی ڈلیوری نہ دے سکے تاہم درزیوں نے اپنے کسٹمرز کو سلنے والے لباس ان کے گھروں تک پہنچائے۔اس سال عید کے موقع پر کپڑوں کی سلائی مردانہ سوٹ ایک ہزار سے1200روپے اورزنانہ سوٹ کی سلائی ایک ہزار سے 1600روپے تک وصول کی گئی۔اس کے علاوہ اتوار سے مارکیٹیں بند ہونے سے دکانداروں نے آن لائن سروس بھی شروع کردی اور دکانداروں نے مختلف علاقوں میں اپنے حلقہ احباب کے ذریعہ ریڈی میڈ کرتا شلوار اورشلوار قمیض ہوم سروس کی سہولت کے ساتھ فروخت شروع کردی ہے اور یہ سلسلہ چاندرات تک جاری رہے گا۔مرد،خواتین،بچے اور نوجوان سوشل میڈیا کے ذرائع سے اپنی پسند کے تیار شدہ ملبوسات خرید رہے ہیں جبکہ کئی نامور برانڈز بھی آن لائن سروسز کے ساتھ ملبوسات فروخت کررہے ہیں۔دوسری جانب لاک ڈائون سے پہلے خواتین کو کپڑوں کی سلائی کا جو کام ملتا تھا وہ بھی بری طرح سے متاثر ہوا ہے لیکن لاک ڈائون نے بوتیک بند کردیئے جس کے بعد گھروں میں کپڑوں کی سلائی کرنے والی خواتین کو سلائی کا کام مل گیا تاہم مجموعی طور پر کارکانوں کی بندش کی وجہ سے خواتین کو ملبوسات کی سلائی ملنا بند ہوگئی ہے جس سے ان کی عید کی خوشیاں ماندپڑگئیں ۔صدر،لائنز ایریا کے علاقے میںمردانہ وزنانہ ٹیلرنگ کے کام سے وابستہ ادریس نے بتایا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے مردانہ اور زنانہ ٹیلرنگ کا کام بری طرح سے متاثر رہا ہے،لاک ڈائون کے سبب لوگوں کے معاشی حالات بھی بہت خراب رہے ہیں اورروزانہ اجرت پرکام کرنے والے افراد کیلئے نئے کپڑے بنوانا بہت مشکل ہوگیا ہے۔ادریس نے بتایا کہ وہ ہرسال اپنے کسٹمرز کو بروقت آرڈرز کی تکمیل کرکے پنجاب اپنے گھر عید منانے کیلئے روانہ ہوجاتے ہیں لیکن اس بار لاک ڈائون کی وجہ سے ہم نے اپنے پرانے کسٹمرز سے ہی کپڑوں کی سلائی کے آرڈرز لئے کیونکہ لاک ڈائون کی وجہ سے دکان صرف چند گھنٹے کھولنے کا وقت ملتا تھا اورآرڈرزلینے کے بعداس کی واپسی مشکل تھی۔ گلشن اقبال کے علاقے بلاک نمبر10-A میں مون گارڈن میںٹریول ایجنٹس وٹورزآپریٹرز نے کام نہ ہونے سے ٹیلرنگ کا کام شروع کردیا تھا مگر طویل لاک ڈائون سے انکا ٹیلرنگ کا کام بھی متاثر ہوا۔