سابق وزراء کی کرپشن سامنے آئے گی تولوگوں کے ہوش اڑجائیں گے ،سعید غنی
شیئر کریں
سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہاہے کہ عمران خان کو ملک کی برباد ہوتی معیشت کی وجہ سے ہٹایا گیا، ان کو ہٹانے کا مقصد معیشت کو بحال کرنا تھا۔منگل کو سندھ اسمبلی میں شہلا رضا اور وقار مہدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعیدغنی نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں جو ضمنی الیکشن ہوئے اس میں پی ٹی آئی کا کیا حشر ہوا؟ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ذریعے مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کیس، بلین ٹری سونامی کیس اور مالم جبہ کیس میں کچھ نہیں کیا، جب ان کے وزراء کی کرپشن سامنے آئے گی تو لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے، فرح صاحبہ کو عمران خان نے شوہر سمیت بھگا دیا، انہیں واپس لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ہر عہدے کے ریٹ فکس تھے، بڑے بڑے سودے یہاں ہوتے تھے اور پیسے باہر ممالک اکائونٹ میں جمع ہوتے تھے، ڈپازٹ سلپ دکھانے پر کام ہو جاتا تھا، جادو ٹونے اور پیر فقیر سب کو کام پر لگایا ہوا تھا کہ کلیکشن کرتے رہو۔سعید غنی نے کہا کہ اپنی سوچ کا پرچار کرسکتے ہیں، لیکن کسی کو غداری کا سرٹیفکیٹ نہیں بانٹ سکتے، حلف توڑنے والوں نے غداری کی ہے، وہ ملک کے دشمن اور آئین شکن ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے 15 اپریل کو جشن نجات منایا جائے گا، نئی حکومت کی آمد اور آئین شکن حکومت کی نجات کا جشن منائیں گے، ثابت قدمی کے ساتھ سلیکٹڈ وزیر اعظم سے جان چھڑائی گئی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کم سے کم تنخواہ 25 روپے کرنا اچھا اقدام ہے، پنشن میں اضافے کا اعلان بھی خوش آئند ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے پورے ملک میں مراسلے کی کہانی کا ڈرامہ رچایا ہے، مختلف واقعات اور باتیں عمران خان کے دعوے کو جھٹلاتی ہیں، پیپلز پارٹی شروع سے ہی تحریک عدم اعتماد کا کہتی آئی ہے۔سعید غنی نے کہاکہ عمران خان نے عدم اعتماد سے قبل اتحادیوں سے ملاقات کی، کسی اتحادی سے بھی انہوں نے اس خط کا ذکر نہیں کیا، وہ ملک اور اداروں کو تباہ کرنا چاہتا ہے، اس نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا شروع کردیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ بھارت نے ابھی نندن کی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا مگر اس کو چھوڑ دیا گیا، کلبھوشن کو چھڑانے کے لیے عمران خان نے قانون سازی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج اور ججز نے اپنے حلف کی پاسداری کی ہے، اسپیکر، صدر اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین جو توڑا ہے ان کو سزا ملنی چاہیے، انہوں نے میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی اور پیکا کا قانون بنایا۔