سیکرٹریٹ اوراے جی ملازمین کا مظاہرہ، صدر عارف علوی پارلیمنٹ ہائوس نہ پہنچ سکے
شیئر کریں
صدر ڈاکٹر عارف علوی سیکرٹریٹ اورآڈیٹر جنرل آف پاکستان کے سینکڑوں ملازمین کے مظاہرے کے باعث پارلیمنٹ ہائوس نہ پہنچ سکے ، صدر مملکت نے پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں شجرکاری مہم کے حوالے سے پودا لگانا تھا اس دوران پارلیمنٹ ہائوس کے جنگلے کے اس پار سیکرٹریٹ اور آڈیٹر جنرل کے سینکڑوں ملازمین نے اپنے حقوق میں نعرے لگانا شروع کر دیئے ، سبزہ زار میں پودا لگانے کے لیے صدر پاکستان کے نام کی تختی آویزاں کی گئی تھی، سامنے چند فرلانگ دور سینکڑوں ملازمین کے احتجاجی مظاہرے کے باعث صدر پاکستان پارلیمنٹ ہائوس نہ آ سکے ۔جمعہ کے روز سبزہ زار میں صدر ،چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے الگ الگ تین پودے لگانے تھے صدر پاکستان کے نام والی تختی کے قریب منگولیا گرانٹ فلاور کا پودا صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جگہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے لگایا، ساڑھے بارہ بجے یہ تقریب شروع ہوئی تو مظاہرین نے چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کو دیکھ کر سخت نعرہ بازی کی ،جنگلے کے اس پار مظاہرین کے اس شدید احتجاج کے دوران پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار میں شجر کاری مہم کی تقریب منعقد ہوئی، ملازمین نے نعرہ بازی جاری رکھی میڈیا کے استفسار پر چیئرمین سینٹ نے مظاہرین سے متعلق کوئی بھی بات کرنے سے گریز کیا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی ان ملازمین کے حقوق کا جائزہ لے گی اسمبلی عوامی فورم ہے اور میں ان کے مطالبات کے حوالے سے بات کروں گا۔