ایک وقت تھا کراچی دنیا کا 7واں خطرناک شہر ہوا کرتاتھا ، مراد علی شاہ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک وقت تھا کراچی دنیا کا 7واں خطرناک شہر ہوا کرتاتھا مگر اب یہ مکمل طورپر ایک صاف اور پْر امن شہر ہے ۔اب کراچی بدل چکا ہے یہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوچکی ہے اور پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بھی کراچی میں منعقد کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ” 2nd کمشنر میراتھون ” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی والوں پر زور دیا کہ وہ اس شہر کو بنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔ پولیس ،رینجرز ، عوام نے امن و امان کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اسٹریٹ کرائم کے مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں اور جرائم کی روک تھام کے لیے ہمارے ادارے بھر پور طریقے سے کام کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موسم سرما میں کراچی والوں کو گیس کی قلت کا سامنا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر خصوصی بچوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس ایونٹ میں حصہ لینا انتہائی خوشی کی بات ہے ، پروگرام میں 6000 افراد نے شرکت کی جو ایک خوش آئند بات ہے اور آئندہ سال میں بھی اس ایونٹ کا حصہ بنوں گا اور 10 کلومیٹر کی دوڑ لگائوں گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا2nd کمشنر میراتھون معین خان اکیڈمی پہنچنے پرکمشر کراچی ، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی سائوتھ نے استقبال کیا، جہاں سب سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ خصوصی بچوں سے ملے جنہوں نے مراتھون میں شرکت کی اور ان کے ساتھ بیٹھ گئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیاگیا۔ تقریب میں آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ اور کوئٹہ دھماکے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پوزیشن ہولڈرز میں شیلڈز اور میڈلز بھی تقسیم کیے ۔